کورونا کیخلاف جنگ، ڈوین براوو نے نیا گانا ریلیز کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ویسٹ انڈیز کے معروف کرکٹر ڈوین براوو نے بھی کورونا وائرس کے حوالے سے اپنا گانا جاری کر دیا ہے اور اس وائرس کیخلاف لڑنے کیلئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور 6 لاکھ سے زائد افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 28 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔معروف ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈوین براوو عرف ڈی جے براوو نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے یوٹیوب پر ایک حوصلہ افزاءگانا جاری کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں ڈی جے براوو نے لکھا کہ ”ہم ہار نہیں مانیں گے، اس وباءکے دوران میری دلی دعائیں تمام لوگوں کے ساتھ ہیں، آئیں سب ملک کر وائرس کے خلاف جدوجہد کریں۔“
اپنے گانے میں براوو نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے حوالے سے تمام ضروری اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کی سرگرمیاں بھی محدود ہوکر رہی گئی ہیں اور پاکستان سپر لیگ معطل کئے جانے کے علاوہ انڈین پریمیر لیگ کا انعقاد بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔