ایران کی وہ جیل جہاں سے 80 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے،انتظامیہ منہ دیکھتی رہ گئی
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایران کے مغربی صوبہ کردستان کے شہر سقز کی ایک جیل سے80 قیدی فرار ہو گئے۔
قیدیوں کے فرار کا یہ واقعہ نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے رپورٹ کیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں جاری کرونا وائرس کی عالمی وبا کے خدشات کےباعث ہنگامہ ہوا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 80 قیدی جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ مشتعل قیدیوں کے نرغے میں پھنسی انتظامیہ بے بسی کے ساتھ قیدیوں کے فرار ہونے کا تماشا دیکھتی رہی۔یاد رہے کہ رواں ماہ19 مارچ کو صوبہ لورستان کے دارالحکومت خرم آباد کی ایک جیل سے بھی کم از کم 20 قیدی فرار ہو گئے تھے۔کرونا وائرس جو کہ ایک متعدی بیماری ہے کے پھیلا ؤ کے خدشہ کے پیش نظر ایرانی عدلیہ پہلے ہی 85 ہزار قیدیوں کو رہا کر چکی ہے۔ایران وبائی کرونا وائرس سے شدید متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے جہاں جمعہ تک مریضوں کی مجموعی تعداد 32 ہزار 332 تک پہنچ چکی ہے جن میں سے 2ہزار 378 کی موت ہو چکی ہے۔