کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی:عثمان بزدار

  کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی:عثمان بزدار

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا کی موجودہ صورتحال اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ملتان سے ویڈیولنک کے ذریعے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی - اجلاس میں پنجاب میں کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال اور حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا- اجلاس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے انسداد کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی - انتظامی و پولیس افسران عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں - عوام کی صحت کے پیش نظر تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں - کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہے اورعوام کے تعاون سے ہی کورونا پر قابوپایا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ شہری باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ سردار عثمان بزدارسے وزیر اعلی آفس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم اور اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض،خرم شہزاد اوررضا نصراللہ گھمن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین قومی اسمبلی کو ان کے حلقوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراکین صوبائی اسمبلی کی طرح قومی اسمبلی کے اراکین بھی میرے ساتھی ہیں اور ترقیاتی منصوبوں میں منتخب نمائندوں کی مشاورت شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مختصر عرصے میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔عوام کی خدمت کا ایجنڈا لیکر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے۔اپوزیشن نے جو بویا وہی اب کاٹ رہے ہیں۔اپوزیشن نے پاکستان کے مفادات کو داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

عثمان بزدار 

مزید :

صفحہ اول -