لاہوریوں نے ایس او پیزکی دھجیاں اڑادیں، ہسپتال مریضوں سے بھر گئے،طبی عملہ شدید متاثر

لاہوریوں نے ایس او پیزکی دھجیاں اڑادیں، ہسپتال مریضوں سے بھر گئے،طبی عملہ ...

  

لاہور(جاوید اقبال) کورونا وائرس کی تیسری خوفناک لہر، لاہو ر کورونا مرکز کے طور پر سامنے آگیا، روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے مریضوں میں 20فیصد اضافہ ہو رہاہے۔شہرکے تمام ہسپتالوں کے کورونا وارڈز اور آئی سی یوز بیڈز بھر چکے ہیں،کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی اور بڑے خطرے سے بچنے کیلئے ہسپتالوں میں وارڈز خالی کروا لئے گئے ہیں اور انہیں کورونا وارڈ ڈیکلیئر کر دیا گیا ہے۔دوسر ی طرف میو ہسپتال میں سر جری اور آؤٹ ڈور کے بعد نئے مریضوں کا داخلہ بھی بند کر دیاگیا ہے صرف ایمرجنسی مریض چیک کیئے جا رہے ہیں جبکہ شہر کے دیگر ہسپتالوں میں 80 فیصد تک آپریشن روک دئیے گئے ہیں۔سرکاری محکموں میں بھی بڑی تعداد میں اعلیٰ افسر ملازمین،ڈاکٹرز،نرسیں اور پیرا میڈیکل سٹاف کورونا میں مبتلا ہونا شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے خوف کی فضاء قائم ہے،حاضری روسٹرمیں بھی تبدیلی کی گئی ہے جس کے باعث یومیہ حاضری پچاس فیصد سے کم کر کے چالیس فیصدکر دی گئی ہے۔یہاں تک کہ سیکرٹری ہاؤسنگ ظفر حسین،واسا کے مینجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز،ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی ذیشان ملک سمیت درجنوں ملازمین کورونا میں مبتلا ہو گئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ لاہور میں کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اُڑائی جا رہی ہیں جس سے یہاں کورونا کی شدت میں اضافہ سامنے آیا ہے۔رپورٹ کے مطابق شام کے بعد شہر کے شادی ہالوں کے مین گیٹ بند کر دیئے جاتے ہیں اور بیک سائڈ چور دروازے سے لوگوں کو اندر داخل کر کے ایس او پیز کا جنازہ کھلے عام نکالا جا رہا ہے بتایا گیا ہے کہ ایسا ٹاؤنز انتظامیہ کی ملی بھگت سے ہو رہاہے اس وقت سرفہرست عزیز بھٹی ٹاؤن،واہگہ،شالیمار اور اقبال ٹاؤن ہیں۔رپورٹ کے مطابق کورونا کے علاج معالجہ کے سب سے بڑے مرکز میو ہسپتال میں 420 بیڈ ہیں جن میں سے 70بیڈ پر مشتمل آئی سی یو ہے جو تمام کے تمام مریضوں سے بھر گئے ہیں۔سروسز ہسپتال میں بھی آئی سی یو مریضوں بھر گیا ہے ہسپتال کی انتظامیہ نے میڈیکل 2کو کورونا وارڈ بنایا گیا وہ بھی مریضوں سے بھر گئی ہے اور اب ایک نیا آئی سی یو بنایا گیا ہے۔جناح،جنرل اور گنگا رام میں بھی وارڈ کورونا مریضوں سے بھر گئے ہیں ۔ تاہم پی آئی سی میں انجیو گرافی،پلاسٹی اور کارڈیک سرجری جاری ہے۔اس حوالے سے پی آئی سی کے سربراہ پروفیسر ثاقب شفیع شیخ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ قوم کو کورونا میں جینا سیکھنا اور ایس او پیز پر عمل کرنا ہو گا۔ پی آئی سی میں تمام مریضوں کو ان کی ضروریات کے مطابق علاج معالجہ کی ہر سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔اس حوالے سے کمشنر لاہورکیپٹن عثمان سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل کروانے کیلئے سختی سے عمل درآمد شروع کروا دیا گیا ہے جو شہری بغیر ماسک کے پایا گیا اس پر مقدمہ درج کرکے سے حوالات میں بند کیا جائے گا۔

 کورونا بے قابو

مزید :

صفحہ اول -