شہباز شریف نے حمزہ کو پیپلزپارٹی کے معاملے پر بیان بازی سے روک دیا

 شہباز شریف نے حمزہ کو پیپلزپارٹی کے معاملے پر بیان بازی سے روک دیا

  

لاہور (جنرل رپورٹر، نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدراور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے حمزہ شہباز کو پیپلزپارٹی کے معاملے پر ہر قسم کی بیان بازی سے روک دیا، یوسف رضاگیلانی کے معاملے پر پارٹی پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں معاملہ اٹھائے، شہبازشریف نے سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے شہبازشریف سے اہلخانہ کے ہمراہ سوا دو گھنٹے سے زائد کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی جس میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کے منتخب ہونے اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔حمزہ شہباز نے یوسف رضاگیلانی کو ایوان بالا میں قائد حزب اختلا ف بنائے جانے پر مسلم لیگ ن میں پائی جانیوالی بے چینی سے آگاہ کیا اور بتایاپیپلزپارٹی نے یوسف رضاگیلانی کے معاملے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، ملاقات میں پیپلزپارٹی کے رو یے پر پی ڈی ایم کے اجلاس میں احتجاج کرنیکا فیصلہ کیاگیاجبکہ شہبازشریف نے حمزہ شہباز کو پیپلزپارٹی کیخلاف کسی بھی قسم کی بیان بازی سے روک دیا۔ شہبازشریف نے ہدایت کی یوسف رضاگیلانی کے معاملے پرپارٹی کے سینئر رہنما پی ڈی ایم میں معاملہ اٹھائیں، شہبازشریف نے سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حمزہ کو بلدیاتی نمائندوں سے رابطوں میں تیزی لانے کی ہدایت کر دی۔ان کا کہناتھاآپ فوری طورپر بلدیاتی نمائندوں سے ملاقاتوں اور کنونشنز کا اہتمام کریں، بلدیاتی نمائندے ن لیگ کی اصل قوت ہیں اور موجودہ سیاسی صورتحال میں بلدیاتی نمائندوں کو قانونی و سیاسی معاونت فراہم کریں، حمزہ شہباز کے ہمراہ خاندان کے دیگر افراد بھی ملاقات کے لئے جیل پہنچے جبکہ اہلخانہ نے دوپہر کا کھانا بھی اکٹھے کھایا۔

شہباز شریف ہدایت

مزید :

صفحہ اول -