پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی کو ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی تعینات کر دیا گیا

 پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی کو ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی تعینات کر دیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی (تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز) کو ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی تعینات کردیا۔ اسی سلسلہ میں ورچوئل یونیورسٹی کے ہیڈ آفس میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ڈائریکٹر فنانس (سابقہ قائم مقام ریکٹر) نعیم طارق نے پرنسپل افسران کے ہمراہ نئے تعینات ہونے والے ریکٹر کا استقبال کیا۔ نئے ریکٹر کا تعارف کرواتے ہوئے، جناب نعیم طارق نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے  فزکس میں اپنی پہلی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے صدارتی اسکالرشپ جیت کر کمپیوٹر ٹریننگ سینٹر، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن سے کمپیوٹر ہارڈ ویئر اور سافٹ وئیر میں ایک سال کی تربیت مکمل کی۔انہوں نے 1989 میں پنجاب یونیورسٹی میں لیکچرر کی حیثیت سے اپنی خدمات پیش کیں اس کے بعد اعلی تعلیم کے لئے برطانیہ چلے گئے۔ جہاں سے انہوں نے ایم فل کے بعد پی ایچ ڈی ڈگری مائکرو الیکٹرانکس اور آپٹو الیکٹرانکس میں کیمبرج یونیورسٹی، برطانیہ سے حاصل کی۔ انہوں نے اپنا پوسٹ ڈاک اٹلی کی روما یونیورسٹی، برطانیہ کی نوٹنگھم، اور امریکہ کی ای لیئنز یونیورسٹی اربانا چیمپینز، سے مکمل کیا۔  انہوں نے 14 پی ایچ ڈی طلباء ، 50 سے زائد ایم ایس طلباء  کے سپروائزر کے طور پہ کام کیا۔ انہوں نے آئی ایس آئی کے اشاریہ کردہ جرائد اور بین الاقوامی کانفرنسوں میں 130 سے??زیادہ تحقیقی مضامین شائع کیے ہیں۔ ان کا مجموعی اثر عنصر 275 سے زیادہ ہے اور اس میں 1200 سے زیادہ حوالہ جات ہیں۔ ان کی تحقیقی کارناموں میں چار امریکی پیٹنٹ شامل ہیں۔ انہوں نے مقامی اور بین الاقوامی کانفرنسوں اور متعدد اداروں میں بہت سارے لیکچر دیئے ہیں۔ ان کے پاس ای-ایجوکیشن کا تجربہ بھی ہے اور انہوں نے ایم آئی ٹی بلوسومس پروجیکٹ، آئیسکو، اور ورچوئل لیبارٹری کے لئے آن لائن ویڈیو لیکچرز اور ویب پر مبنی کورسز تیار کیے ہیں۔ وہ 1997 سے 2015 تک ٹریسٹبی اٹلی کے بین الاقوامی مرکز برائے نظریاتی طبیعیات (آئی سی ٹی پی) کے باقاعدہ ایسوسی ایٹ اور سینئر ایسوسی ایٹ رہ چکے ہیں۔ ان کی آخری ذمہ داری کامسیٹ یونیورسٹی، اسلام آباد میں ڈین فیکلٹی آف سائنس کی حیثیت سے تھی جہاں انہوں نے مائیکرو اور نینو ڈیوائسز کی لیبارٹری تیار کی۔ ان کی تحقیقات میں مادوں کی سائنس، نانو اسٹرکچر، آپٹیکل الیکٹرانکس اور کم درجہ حرارت کی طبیعیات شامل ہیں۔ ڈاکٹر ارشاد سلیم بھٹی کو ان کی تعلیمی خدمات پہ حکومت پاکستان کی جانب سے  2012 میں تمغہ امتیاز اور 2020 میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔