رواں مالی سال، تولیہ کی برآمدات16.31فیصد بڑھ گئیں 

رواں مالی سال، تولیہ کی برآمدات16.31فیصد بڑھ گئیں 

  

اسلام آباد(اے پی پی)رواں مالی سال کے دوران تولیہ کی برآمدات16.31فیصد بڑھ گئیں۔ادارہ برائے شماریات پاکستان(پی بی ایس)کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں جولائی تا فروری2020-21کے دوران برآمدات کی مالیت64کروڑ6لاکھ84ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران تولیہ کی برآمدات سے 52کروڑ50 لاکھ48ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا گیاتھا۔اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی8مہینوں کے دوران تولیہ کی قومی برآمدات میں 11کروڑ56لاکھ36ہزار ڈالر یعنی 16فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔بی پی ایس کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران بیڈ ویئرز کی برآمدات میں بھی13.71فیصداضافہ ہوا ہے اور برآمدات کا حجم ایک ارب59کروڑ76 لاکھ86ہزار ڈالر کے مقابلہ میں ایک ارب 81کروڑ 68لاکھ 82 ہزار ڈالر تک بڑھ گیا۔مزید برآں نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 18.04فیصد اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ مالی سال کی 2ارب 9کروڑ39 ہزار ڈالر برآمدات کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں نیٹ ویئرز کی ملکی برآمدات 2 ارب 46کروڑ70 لاکھ6ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اسی طرح تیار ملبوسات کی قومی برآمدات بھی2.56فیصد اضافہ سے ایک ارب96کروڑ12لاکھ93ہزار ڈالر کے مقابلہ میں دو ارب ایک کروڑ15لاکھ5ہزار ڈالر تک بڑھ گئیں۔

مزید :

کامرس -