سپورٹس راؤنڈ اَپ

سپورٹس راؤنڈ اَپ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ماہور شہزاد پو لینڈکی سرزمین پر
قومی بیڈ منٹن چیمپئن ماہور شہزاد پولش انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں شر کت کے لئے پو لینڈروانہ ہوگئیں، ٹورنامنٹ اولمپکس کوالیفکیشن کا حصہ ہے، ایونٹ سے ماحور شہزاد اپنی رینکنگ بہتر بنا سکتی ہیں،روانگی سے قبل انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی میری خواہش ہے کوشش ہوگی کے اچھا نتیجہ حاصل کرسکوں۔ایونٹ پولینڈ میں 28 مارچ تک کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں حصہ لینے کے لئے ماہور شہزاد بغیر کوچ کے اکیلے گئی ہیں۔


اولمپکس مشعل کا سفر شروع
ٹوکیو اولمپک ٹارچ ریلے کا اآغاز جاپانی شہر فوکوشیما سے ہوگیا۔ مشعل چار ماہ تک مختلف شہروں سے گزرتے ہوئے ٹوکیو پہنچے گی۔ مشعل روشن کرنے کی تقریب فوکو شیما میں جے گاوں میں منعقد کی گئی۔ کووڈ کی وجہ سے تقریب میں عوام کو شرکت کی اجازت نہیں تھی تاہم اسے براہ راست نشر کیا گیا۔ اس موقع پر چند مختصر ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔ اولمپک ٹارچ جاپان کے 47علاقوں سے گزرے گی اور اس میں تقریباً دس ہزار ایتھلیٹ حصہ لیں گے۔


علیم ڈار کا 400 انٹرنیشنل میچ کا عالمی ریکارڈ
پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ امپائر علیم ڈار نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، چار سو انٹرنیشنل میچ سپروائز کرنے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے۔علیم ڈار کاکہنا تھا کہ 400 انٹرنیشنل میچز مکمل ہونے پر  تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔عالمی شہرت یافتہ امپائر علیم ڈار نے کہا کہ چار سو انٹرنیشنل میچز کا اعزاز اپنے والدین اور فیملی کے نام کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل  پاکستان کرکٹ بورڈ  اور میڈیا کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ابوظہبی میں علیم ڈار نے افغانستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی امپائر کو یہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔علیم ڈار نے بطور امپائر 136 ٹیسٹ، 211 ون ڈے اور 53 ٹی ٹوئنٹی میچز میں فرائض انجام دئیے ہیں۔ علیم ڈار اس سے قبل اور بھی بہت سے اعزازات حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کرچکے ہیں۔


ویٹ لیفٹنگ کو حکومتی توجہ کی ضرورت
پاکستان کی نامور ویمن ویٹ لفٹرمریم نسیم نے کہا کہ پاکستان میں ہر کھیل میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اسی طرح سے ویٹ لفٹنگ کے کھیل میں بھی بے پناہ ٹیلنٹ ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ اس کھیل کو وہ پذیرائی نہیں مل رہی جو اس کا حق ہے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کئی ایونٹس میں ملک کے لئے گولڈ میڈل جیت چکی ہوں جس کی بہت زیادہ خوشی ہے مگر میری خواہش ہے کہ حکومت کھیل کو مزید ترقی دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرے کوئی بھی ایونٹ جیت کر پاکستانی پرچم بلند کرنے کے موقع پرجو خوشی محسوس ہوتی ہے وہ میں بیان نہیں کرسکتی ملک میں کھیل کو فروغ دینے کے لئے زیادہ سے زیادہ ایونٹس کا انعقاد کرنا بہت ضروری ہے۔


بیڈمنٹن میں پاکستان کا نام روشن کروں گی،پلواشہ خان میدان میں آ گئیں 
پاکستان کی نامور بیڈمنٹن سٹار پلواشہ خان نے کہا کہ کھیل سے بے پناہ لگاؤ ہے اور ہر میچ میں کامیابی حاصل کرنے کاعزم لیکر میدان میں اترتی ہوں امید ہے کہ مستقبل میں عمدہ کھیل کاسلسلہ جاری رہے گا پلواشہ نے کہا کہ نئے سال سے بہت امیدیں وابستہ ہیں اور ہمیشہ کی طرح  اس سال بھی زیادہ سے زیادہ کامیابیاں سمیٹنے کی کوشش کروں گی پاکستان میں کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ ہے اور تیزی سے منظرعا م پر آرہا ہے زیادہ سے زیادہ ایونٹس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے امید ہے کہ جلد ہی کسی ایونٹ میں ایکشن میں نظر آؤں گی پلواشہ نے کہا کہ موجودہ مقام میں شائقین کی بھرپور حوصلہ افزائی کا بہت اہم ہاتھ ہے جنہوں نے ہمیشہ میرے کھیل کو پسند کیا کورونا کے بعد اب کھیلوں کی سر گرمیاں عروج پر ہیں جس کی بہت زیادہ خوشی ہے امید ہے کہ یہ سلسلہ کامیابی سے جاری رہیگا۔


پاکستان ٹین پن باؤلنگ ملتوی
پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن نے  اوپن ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ  ملتوی کردی ہے۔ گذشتہ روز پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں مکمل تھیں لیکن ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث متعلقہ حکام سے اجازت نہ ملنے پر  چیمپئن شپ کو  ملتوی کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ اس میگا ایونٹ کو منعقد کروانے کی نئی تاریخ  کا اعلان عید الفطر کے بعد پاکستان ٹین پین باولنگ فیڈریشن کے آفیشلز کے مشورے سے کیا جائے گا۔


 فٹبالر لوئس ساریز کے 500 گول 
یوروگوائے کے نامور فٹ بالر لوئس ساریز نے کیریئر میں 500 گول مکمل کر لئے، انہوں نے یہ سنگ میل سپینش لالیگا میں ایلوس کے خلاف میچ میں عبور کیا۔ اٹلیٹیکو میڈرڈ کی نمائندگی کرنے والے 34 سالہ فارورڈ لوئس ساریز نے ایلوس کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 54 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو آخر تک قائم رہی۔
 اس فتح کے بعد اٹلیٹیکو میڈرڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگئی ہے۔ لوئس ساریز اب تک اٹلیٹیکو کے لئے 19، بارسلونا کے لئے 198، لیور پول کے لئے 82، ایجیکس کیلئے 111 اور یوروگوائے کے لئے 63 گول کر چکے ہیں۔ انہوں نے کیریئر کا آغاز سائیڈ کلب ناسیانوال سے کیا اور 12 گول کئے، بعد میں انہوں نے ایریڈویسی تنظیم گروننجن کی جانب سے کھیلتے ہوئے15  گول کئے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -