ضلع ڈیرہ: دیہاتوں میں موبائل رمضان بازار لگانے کافیصلہ
ڈیرہ غازی خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر،بیورو رپورٹ، سٹی رپورٹر) ضلع ڈیرہ غازی خان میں رمضان بازاروں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ دیہات اور قصبات میں موبائل رمضان بازار لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ٹرکنگ پوائنٹس کے ذریعے آٹا،چینی،دالیں اور دیگر سبسڈی کی حامل اشیاء فروخت کی جائیں گی۔ڈیرہ غازی خان میں خواتین یونیورسٹی اور نئے تعلیمی(بقیہ نمبر42صفحہ7پر)
ادارے لانے سمیت سکولز اور مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جائیگا۔اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اراکین اسمبلی کی ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر مملکت زرتاج گل وزیر، مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی، ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز اور دیگر موجود تھے. وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں ویمن یونیورسٹی کے لیے ڈائریکٹو جاری کر دیا ہے کیبنٹ کے آئندہ اجلاس میں حتمی منظوری مل جائے گی انہوں نے کہا کہ سخی سرور،چوٹی بالا،فورٹ منرو سمیت دیگر علاقوں میں رمضان بازار طرز کے اقدامات کئے جائیں۔سخی سرور اور دیگر علاقوں میں معدنیات کے ٹھیکوں کی موثرمانیٹرنگ کے ساتھ محکمہ کی آمدنی اور اخراجات کا آڈٹ کیا جائے۔محکمہ بتائے کہ آمدن کا کتنا فیصد کہاں عوامی فلاح پر خرچ کیاگیا. انہوں نے اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر معدنیات کی عدم شرکت پر شوکاز نوٹس بھی جاری کرنے کی ہدایت دی۔وزیر مملکت نے کہا کہ محکمے اراکین اسمبلی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے۔محکمہ جنگلات" میا واکی" طرز پر شہر میں 20 کے قریب جنگلات کے قیام کیلئے ٹارگٹ دے۔ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹرزکے ہاسٹل سمیت دیگر مسائل حل کئے جائیں۔مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے کہا کہ غازی پارک اور تعلیمی بورڈ سے ملحقہ سیم نالوں کی بھل صفائی کرائی جائے۔چالیس کروڑ روپے کے پل ڈاٹ چوک کی کشادگی کے بہتر عوامی اثرات کیلئے ضروری ہے کہ جام پور روڈ پر ڈرین کو مزید پیچھے لے جایا جائے۔پل ڈاٹ اور مانکا کینال کے پلوں پر ٹریفک کی روانی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز میں بد عنوانی،بد انتظامی کی عوامی شکایات بڑھ رہی ہیں،کڑی مانیٹرنگ کرکے بدعنوان عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے. ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت مزید سختیاں کی جائیں۔عوام کو اشیائے خوردونوش سرکاری نرخ پر دستیاب ہونی چاہیے۔سکولوں کی عمر تک پہنچنے والے بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخلہ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران ضلع کے پانچ مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا گیا۔کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ پر چار ارب 28 کروڑروپے،مدر اینڈ چائلڈہسپتال پر تین ارب 70 کروڑ اور غازی یونیورسٹی کیلئے اڑھائی ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔137 میں سے 92 سکولوں میں اضافی کلاس رومز تعمیر کرلئے گئے۔785 میں سے 201 نئی بستیوں میں بجلی کی سہولت فراہم کی گئی۔نالی سولنگ کی 137 میں سے 63 سکیمیں مکمل کرلی گئیں۔360 کلومیٹر طویل روڈز تعمیرکیے گئے۔مجموعی طور پر ضلع میں اربوں روپے سے 1737 منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے۔
رمضان بازار