این اے 249سے تحریک انصاف کی جیت یقینی ہے،خرم شیرزمان
کراچی (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ این اے249کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف ایک بار پھر فتح کے جھنڈے گاڑھے گی۔این اے 249سے تحریک انصاف کی جیت یقینی ہے، مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہونگی۔ کراچی تحریک انصاف اور وزیر اعظم عمران خان کے چاہنے والوں کا شہر ہے۔ ہمیں حلقے کی عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہے، ہم نے حلقے کے مقامی اور تحریک انصاف کے نوجوان رہنما کوپارٹی امیدوار نامزد کیا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی امیدوار امجد آفریدی کے ہمراہ حلقے کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر حلقے کے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری و رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی اور دیگر رہنما موجود تھے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ حلقے کے عوام کا ووٹ وزیرا عظم عمران خان کے ملک کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانے کی جانب ایک اور قدم ثابت ہوگا۔ این اے 249کے عوام پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کے لئے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ ہم ملک میں کئی دہائیوں سے چلتے آرہے فرسودہ نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔
خرم شیرزمان