فیصل واؤڈا کے جھوٹ بولنے پر عمران خان نے انہیں سینیٹر شپ تحفے میں دی ، امیر مقام کا الزام 

فیصل واؤڈا کے جھوٹ بولنے پر عمران خان نے انہیں سینیٹر شپ تحفے میں دی ، امیر ...
فیصل واؤڈا کے جھوٹ بولنے پر عمران خان نے انہیں سینیٹر شپ تحفے میں دی ، امیر مقام کا الزام 

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم (ن)خیبرپختونخواکے صدر انجینئرامیر مقام نے کہا ہے کہ کراچی تمام پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، عوام این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں شیر پر مہر لگا کر عمران خان سے بدلہ لیں، مفتاح کی جیت نواز شریف کی جیت ہوگی، عمران خان اور اس کا ٹولہ جھوٹ اور منافقت کرتا ہے، فیصل واوڈا نے عوام سے جھوٹ بولا تو عمران خان نےانہیں تحفے میں سینیٹر شپ کی سیٹ دی، کراچی والوں سےبہتر کون جانتاہےکہ نواز شریف کی حکومت ہوتی ہے تو کراچی میں امن ہوتا ہے، کوئی ساتھ دے یا نہ دے عوام ہمارے ساتھ ہے۔

این اے 249میں ن لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کی الیکشن کمپئین کے سلسلہ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےانجینئرامیرمقام نے کہاکہ اس حلقے کی عوام نے عام انتخابات میں شہباز شریف کو ووٹ دیا،جب ہماری حکومت تھی تو اشیاء خورد نوش عوام کی دسترس میں تھی،آج عمران خان کے دور میں عوام کا حال سب کے سامنے ہے،عوام ضمنی انتخاب میں شیر پر مہر لگا کر عمران خان سے بدلہ لیں،تمام پاکستانیوں کا کراچی دوسرا گھر ہے، پورے ملک سے لوگ محنت مزدوری کے لئے یہاں آتے ہیں،غریب عوام تین برس سے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اصل شکل دیکھ رہے ہیں مگر خیبرپختونخوا والے تو آٹھ سال سے انہیں جھیل رہے ہیں،اِنہوں نے قوم کو جو سبز باغ دکھائے تھے ان میں سے کون سا وعدہ پورا ہوا؟ تمام پاکستان میں عوام کو مایوسی ہوئی،ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی ناکامی اسی وجہ سے ہے کہ انہوں نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں کئے۔

انہوں نے کہاکہ فیصل واوڈا نے عوام سے امریکی شہریت سے متعلق جھوٹ بولااور جب پکڑے گئے تو عمران خان نے انعام میں انہیں سینٹر شپ دے دی،کراچی والوں سے بہتر کون جانتا ہے بد امنی کا دور تھا، نوازشریف آیاتوامن آیااُنہوں نے معاشی استحکام دیا،ڈالرکو ڈبے میں بند کر دیا تھا،معیشت درست سمت میں چل رہی تھی لیکن عمران ان نے معیشت کو تباہ کردیا ہے،معیشت کی تباہی اب کے سامنے ہے،رمضان سے قبل مہنگائی کا نیاطوفان آیا ہوا ہے،ایک طرف  مسلم لیگ(ن) کی ڈیلیوری دیکھ لیں دوسری طرف پی ٹی آئی کی نالائقیاں دیکھ لیں۔

امیرمقام نے کہاکہ یہاں لوگوں کے بنیادی مسائل تک حل نہیں ہوئے،پینے کو پانی نہیں، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں،رمضان اے قبل بدترین مہنگائی ہورہی ہے،ایک فرد کی ڈبل شہریت نکلی تو اسے ایوارڈ دیا گیا،چینی چوری میں کوئی ملوث نکلا تووزیراعظم نے اسے ایوارڈ دیا،ایوارڈ دینے کی وجہ انکی ہم مزاجی ہے،امید رکھتے ہیں کہ عوام عمران خان کا اصل چہرہ دیکھنے کے بعد اسے مسترد کریں گے اور حلقے کے عوام مسلم لیگ(ن)کا ساتھ دیں گے۔انہوں  نے کہاکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کا منشور سب کے سامنے ہے، گیلانی صاحب کی خواہش پر ہم نے ساتھ دیا،ہاؤس میں اپوزیشن لیڈر ہونے کی بھی خواہش تھی،مسلم لیگ(ن) کاویژن کلئیر ہے ،جو پارٹیاں پی ڈی ایم سے منحرف ہوں  گی انکا مستقبل زیرو ہوگا،پی ڈی ایم بنانے کا مقصد بھی یہی تھاکہ ہم اس نالائق کو نہیں مانتے ہیں، کوئی ساتھ دے یا نہ دے عوام ہمارے ساتھ ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -