سپین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں اضافہ ،اموات کی تعداد 75ہزار سے تجاوز کر گئی
بارسلونا (ارشد نذیر ساحل )سپین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔
تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 14 دنوں کے دوران ایک لاکھ باشندوں میں وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 134.08 ریکارڈ کی گئی ہے۔ 16 مارچ کے بعد سے اس شرح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل یہ شرح 127.8 پر پہنچ گئی تھی۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق سات ہزار 586 افرادکورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے تین ہزار 573 گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ہیں۔کورونا وائرس کے آغاز سے لے کر ابھی تک 32لاکھ47ہزار 738 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔مجموعی طور پر اموات کی تعداد 75 ہزار 10 تک پہنچ گئی ہے۔
وزیرصحت کے مطابق ویکسین کے باعث وائرس پر قابو پانا آسان ہوگا۔ ہمارے پاس صرف یہی ایک راستہ ہے لیکن ہمیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا۔رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں سپین کو 30 ملین خوراکیں ملنے کی توقع ہے ۔