ملک دْشمن قوتیں پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں، پیر منور جماعتی 

  ملک دْشمن قوتیں پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں، پیر ...

  

لاہور(پ ر)اسلاموفو بیا کیخلاف یواین او میں قرارداد کی منظوری مسلم اْمہ کی بڑی کامیابی ہے‘ اسلام کے بارے میں مغرب اور یورپ کے منفی تصورات کے خاتمے کیلئے مسلم اْمہ کو اجتماعی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں‘ ملک دْشمن قوتوں کو پاکستان میں امن و امان کی بحالی‘ تعمیروترقی اور خوشحالی سے تکلیف ہو رہی ہے‘ یہی لوگ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کر کے ملک میں انارکی اور غیریقینی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں‘ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے انجمن خدام الصوفیہ و امیر ملت ٹرسٹ انٹرنیشنل کے زیراہتمام ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر الحاج رفیق الحسن قریشی‘ سید احسن گیلانی و علماء و مشائخ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

 سید منور حسین جماعتی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس کا انعقاد موجودہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے، اسی وجہ سے پاکستان مخالف قوتوں کو بڑی تکلیف ہوئی اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف بڑا محاذ کھولنے کی کوشش کی جس میں انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا نفرنس میں کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم عمران خان نے جس اتحاد کی ضرورت پر زور دیا وہ بھی قابل تحسین ہے۔ رفیق الحسن قریشی نے کہا کہ پاکستانی عوام کو بہت عرصے بعد عمران خان کی شکل میں ایک بڑا لیڈر ملا، ہمیں اْن کی قدر کرنی چاہیے۔ ہمیں اغیار کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بحیثیت پاکستانی متحد و منظم ہو کر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -