نور انٹرنیشنل یونیورسٹی میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب
لاہور(سٹی رپورٹر)نور انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور کیمپس میں 23 مارچ ”یو م پاکستان“تقریب منعقد کی گئی۔ وائس چانسلر سالم رحمان نے قومی پرچم لہرایا جبکہ یونیورسٹی کے طلباء نے پاکستان کے پرچم کی طرف مارچ پاسٹ کیا۔اس کے علاوہ کیک بھی کاٹا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر سالم رحمان نے کہا کہ 23 مارچ اس دن کی یاد دلاتا ہے جب ہم نے قرار داد پاکستان پاس کرائی تھی۔ یہ دن ہمارے عظیم رہنما قائد اعظم کی محنت اور جدوجہد اور علامہ اقبال کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ نوجوان نسل کو علامہ اقبال اور قائد اعظم کو آئیڈیل بناکر برائیوں کے خلاف اجتماعی طور پر جدوجہد کرنی چاہیے۔ نوجوان نسل کو اپنے ملک سے محبت اور اپنی شناخت پر فخر کرنا چاہیے۔ پروفیسر ڈاکٹر نجمہ نجم نے کہا کہ نوجوانوں کے منفی اور غیر صحت مندانہ سرگرمیوں سے روکنے کے لیے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کو وسیع پیمانے پر فروغ دینا چاہیے۔تقریب سے پاکستان کی قومی فٹ بالر شیکا نذیر اور کپتان پاکستان ہاکی ٹیم احمد بٹ نے بھی خطاب کرتے ہوئے طلباء کے لیے صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد اور قومی سطح پر شرکت کے لیے طلباء کی تربیت پر بھی زور دیا۔