عمران خان عدم اعتماد میں نہ بچا تو دو تہائی اکثریت سے واپس آئیگا، شیخ رشید

عمران خان عدم اعتماد میں نہ بچا تو دو تہائی اکثریت سے واپس آئیگا، شیخ رشید

  

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمھیں کچھ نہیں ملنے والا، عمران خان تحریک عدم اعتماد میں نہ بچا تو دوتہائی اکثریت سے واپس آئے گا،وہ آئے گا اور چھا جائے گا، تم دیکھتے رہ جاؤ گے،جے یو آئی کو شوکاز نوٹس دیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سڑکیں کھلی رکھنے کا حکم دیا، ان پر مقدمہ درج کرائیں گے،   عوام کی سلامتی ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، مال سے لوگوں کو خریدا جا رہا ہے، مال ہی ان کا مائی باپ ہے، عمران خان آخری گیند تک ان کیساتھ کھیلے گا، یہ بیماریوں کومینج کر کے بھاگنے والے لوگ ہیں، بھاگ تو شہباز شریف بھی رہے تھے، ایئرپورٹ پر پکڑ لیا، یہ ووٹ کوعزت دے رہے ہیں، واجبی سی ریلی لاہور سے آ رہی ہے ، لندن سے فوج کیخلاف جو کہا اس پر یہ چلو بھر پانی میں ڈوب مریں۔اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ  اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزارت داخلہ کو حکم جاری کیا  ہے کہ سری نگر ہائی وے ہر صورت کھلا رہنا چاہئے اور لوگوں کی امن و سلامتی کا خیال رکھا جائے۔ گزشتہ روز ہم نے جے یو آئی (ف) کو جلسے کی اجازت دی تھی جبکہ آج بھی سری نگر ہائی وے پر غیر قانونی طور پر بیٹھے ہیں۔ ہم نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے  جے یو آئی (ف) جگہ خالی نہیں کرے گی یہ ان لوگوں کی ضد ہے اور اس کا کوئی علاج نہیں۔ ہم ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائیں گے۔  شیخ رشید احمد نے مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے یہ شعر پڑھا کہ آہوں سے سوز عشق مٹایا نہ جائے گا‘ پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا۔  انہوں نے کہا کہ  پی ٹی آئی کے جلسے میں عوام کا سمندر ہوگا۔ گینگ آف تھری نے کرنل قذافی‘ صدام حسین اور اسامہ بھی لادن کا مال نہ چھورا۔ انہوں نے کہا کہ مال ان کا مائی باپ ہے۔ مال کے ذریعے  یہ لوگوں کے ضمیر کو خرید رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ جب ضرورت پڑتی ہے تو یہ بھگوڑے بھاگ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے، لندن سے فوج کیخلاف جو کہا اس پر یہ چلو بھر پانی میں ڈوب مریں۔  نواز شریف کی آرمی چیف سے بھی نہ بنی۔ شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کی واجبی ریلی لاہور سے آرہی ہے جبکہ 28تاریخ کو (ن) لیگ کو بھی جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔  اگر 28تاریخ کو قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف قرارداد عدم اعتماد پیش ہوگئی تو تین یا چار اپریل کو اعتماد کا ووٹ ہوگا۔ گینگ آف تھری کا معیار اتنا گر چکا ہے کہ قاتلوں کو بھی دبئی سے  بلا رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ میرا ڈی جی ایف آئی سے رابطہ ہوا تو پتہ چلا کہ نواز شریف کل صبح آرہے ہیں شاید وہ کراچی پہنچ جائیں اور وہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں پروٹیکشن بیل ہوئی ہے۔ میں دنیا سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا ایسا قانون ہے کہ غیر ملک میں آدمی ضمانت لے۔ میری خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ایسا انقلاب آئے کہ چور لٹیروں اور ضمیر فروشوں کا خاتمہ کیا جاسکے اور مسائل زدہ لوگوں کی آواز اسمبلی میں سنی جاسکے۔  میری ایمرجنسی لگانے کے مشورے کو عمران خان نے مسترد کردیا تھا۔ 

شیخ رشید

مزید :

صفحہ اول -