مختلف علاقوں میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے عوام عاجز آگئے 

مختلف علاقوں میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے عوام عاجز آگئے 

  

پشاور (سٹی رپورٹر)  نیبر ہوڈ کونسل 55 کے مختلف علاقوں میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے عوام عاجز آگئے۔ علاقے میں آئے روز بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے جبکہ امور خانہ داری میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نیبر ہوڈ کونسل 55 سے منتخب چیئرمین قاضی محمد نور کے مطابق قاضی آباد‘ ہشت نگر کالونی‘ قریش آباد‘ چونا بھٹی‘ حیدر کالونی‘ چشتی آباد‘ سرکلر روڈ اور دیگر علاقوں میں صبح دس سے چار بجے تک بجلی بند کی جاتی ہے جس کے باعث مساجد اور گھروں میں پانی ناپید ہو جاتا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ قاضی نور نے کہا کہ علاقے میں بلنگ سو فیصد ہے اس کے باوجود بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کئی بار متعلقہ حکام کو آگاہ کیا ہے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر فوری طور پر محکمہ سوئی گیس اور پیسکو نے قبلہ درست نہ کیا تو گنج چوک میں بھر پور احتجاج کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -