حکمرانوں نے 50لاکھ گھر دینے کی بجائے لاکھوں افرا د کو بے گھر کردیا

  حکمرانوں نے 50لاکھ گھر دینے کی بجائے لاکھوں افرا د کو بے گھر کردیا

  

         سخاکوٹ (نمائندہ  پاکستان) عوامی نشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ز ندگی میں عمران خان جیسا جھوٹا شخص نہیں دیکھا ہے جس نے تبدیلی، ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھر سمیت نوجوانوں کو روزگار دینے کے دلفریب نعرے لگا کر نوجوان نسل سے ووٹ لیا اور اقتدار میں آکر انہی نوجوانوں کو دیوار سے لگایا ہے۔ پچاس لاکھ گھردینے کی بجائے لاکھوں کو بے گھر اور پکے گھروں سے کچے گھروں میں رہنے پر مجبور کردیا ہے۔ تبدیلی خان کو گھر بھیجنے کا وقت آگیاہے کیونکہ عدم اعتما د کے لئے اپوزیشن جماعتوں کیساتھ 200سے بھی زائد ممبران ہیں جن میں کئی وفاقی وزراء بھی عمران خان کا ساتھ چھوڑنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں تحصیل درگئی سمیت ضلع ملاکنڈ میں الیکشن سے قبل دھاندلی کا منصوبہ بنایا جاچکا ہے اور ایک ایسے سرکاری افیسرکو دوبارہ تحصیل درگئی میں تعینات کیا گیا ہے جو محمد زادہ شہید قتل کیس میں معطل اور ٹرانسفر کیا گیا تھا۔پی ٹی آئی کے 27مارچ کو ہونے والے اسلام آباد جلسے میں شرکت کرنے والے نوجوان جانے سے پہلے اپنے غریب ماں باپ کے چہرے ضرور پڑھ لیں جو حالیہ مہنگائی کی وجہ سے مرجھائے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے درگئی میں ایک بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے ضلعی صدر اعجاز علی خان، جنرل سیکرٹری محمد ارشاد خان مہمند، تحصیل نظامت کے اُمیدوار مسافر خان، پیر علی محمد، سلیم خان، فضل سبحان خان اور ولید خان یوسفزئی نے بھی خطاب کیا۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اسپیکر آسد قیصر حکومتی پارٹی کا آلہ کار بن گیا ہے اور عدم اعتماد تحریک کی قرارداد لانے میں ٹال مٹول کر رہا ہے حالانکہ عمران خان اسمبلی میں اکثریت کھو چکے ہیں اور ان کے اپنے ساتھی ان کا ساتھ چھوڑ کر اپوزیشن میں شامل ہو گئے ہیں اور ان میں متعدد وفاقی وزراء بھی شامل ہیں اس لئے عمران خان کو اقتدار سے چمٹنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی طور پر بھی مر چکا ہے اور مولانا فضل الرحمان ان کا جناز ہ پڑھائینگے جبکہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری جنازے کو کندھا دیکر چلتا کرینگے۔ صوبائی صدر نے کہا کہ شیخ رشید اور فواد چوہدری منحرف ارکان کو لوٹے کہہ رہے ہیں حالانکہ عوام خود ان کی اصلیت جانتی ہے کہ یہ لوگ اپنے پارٹیوں سے کتنے وفادار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل جب جہانگیر ترین جہاز بھر بھر کر لا رہے تھے تو اس وقت یہ کہتے تھے کہ وکٹیں گر رہے ہیں اور آج جب ان کے اپنے لوگ ساتھ چھوڑ رہے ہیں تو انہیں لوٹے کہہ کر گالیاں دئیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا یہ عالم ہے ملک بھر اور بالخصوص خیبر پختونخواہ میں غریب عوام کو علاج معالجے کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے اور لوگ مہنگے داموں دوائیاں خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک چلانے کے لئے عمران خان جیسے یوٹرن خان کی نہیں بلکہ مضبوط ارادوں کی ضرورت ہے۔ صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حکومتی جماعت نے ابھی سے دھاندلی کا منصوبہ بنایا ہے اور تحصیل درگئی میں ایک ایسے افیسر کو تعینات کیا گیا جسے معروف سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ محمد زادہ شہید کے قتل کیس میں ٹرانسفر کیا گیا تھا لیکن مقامی ایم پی اے نے اس لئے انہیں دوبارہ یہاں لایا ہے تاکہ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی راہ ہموار کیا جاسکے لیکن ہم علی الاعلان کہتے ہیں کہ انتظامیہ بلدیاتی انتخابات میں کسی بھی قسم کے دھاندلی سے اجتناب کریں بصورت دیگر کسی بھی خراب صورتحال کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ اور بالخصوص تحصیل درگئی کے عوام بتائیں کہ پی ٹی آئی نے نو سالہ دور اقتدار میں یہاں کونسے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں اور کونسا بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ عوامی نشنل پارٹی کی تاریخ سو سال سے چلی آرہی ہے اور خان باچہ خان نے پختون قوم کے لئے جو قربانیاں دئیے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -