اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں، 30کلوگرام آئس برآمد
کراچی (این این آئی) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) انٹیلی جنس کی کراچی نے شہر میں تین بڑی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 30کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کرلی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف کی جانب سے کارروائی کے دوران جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آسٹریلیا بھیجے جانے والے کارگو سے 20 کلوگرام آئس پکڑی گئی۔برآمدشدہ آئس تولیوں میں جذب کی گئی تھیں۔ تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ کارگو کراچی کی رہائشی امبر رمضان کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔دوسری کارروائی میں سری لنکا بھیجے جانے والے پارسل سے 3 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔ کارروائی شاہرہ فیصل پر واقع کوریئر کمپنی پر عمل میں لائی گئی۔برآمدشدہ آئس لیڈیز کپڑوں میں جذب کی گئی تھی۔پارسل شیخوپورہ کی رہائشی شکفتہ بانو کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔تیسری کارروائی میں کوریئر کمپنی کے ذریعے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 7 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ برآمدشدہ آئس 3 عدد جائے نمازوں میں جذب کی گئی تھی۔پارسل لاہور کے رہائشی ارشد علی کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔منشیات قبضے میں لیکر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔