شاہ زین بگٹی جلد واپس آجائینگے، عمران خان وہ لیڈ ر جو کبھی عوام کا سر جھکنے نہیں دیگا: وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد (آئی این پی)وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے شاہ زین بگٹی کی حکومت میں واپسی کیلئے پرامید ہوں، وہ کل واپس آجائیں گے، بارہ لوگوں نے پریس کانفرنس کی ان میں سے چار نے واپسی کا راستہ اختیار کیا۔ اتوار کو معاون خصوصی امور بلوچستان شاہ زین بگٹی کے بیان پر ردعمل کا اظہار، امربالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلا عات فواد چوہدری نے کہا شاہ زین بگٹی سے آج اسد عمر کی ملاقات ہونی ہے کسی پر کوئی قدغن نہیں فیصلے ان کو خود کرنے ہیں۔ عمران خان پاکستان اور مسلم امہ کے لیڈر بن کر کھڑے ہیں، پی ٹی آئی عوامی سیاست پر یقین رکھتی ہے، عمران خان غریب کا درد رکھنے والے لیڈر ہیں، عمران خان اقتدار نہیں اقدار کی سیاست کرتے ہیں، عوام وزیر اعظم عمران خان کے اشارے منتظر ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے ایک آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی۔”امر بالمعروف“جلسہ کے حوالے سے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا عمران خان کا جلسہ عوام کا جلسہ ہے، عمران خان پاکستان کے محسن ہیں۔ وہ پاکستان جس کے بارے میں کہا جاتا تھا یہاں پیسے سے ہر ایک کو خریدا جا سکتا ہے،وہ پاکستان عمران خان کی وجہ سے سر اٹھا کر کھڑا ہے۔ بہادر قوم کو بہادر لیڈر کی ضرورت ہوتی ہے، عمران خان وہ لیڈر ہے جو کبھی عوام کا سر جھکنے نہیں دے گا۔ عمران خان نے ملکی معیشت اور انڈسٹری کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں ہونیوالے جلسے میں میڈیا کوریج پر پابندی کے حوالے سے بیان دیا کہ
اسوقت پاکستان کا تمام میڈیا پریڈ گراؤنڈ میں کوریج کیلئے موجود ہے، امربالمعروف جلسے کی عالمی کوریج ہو رہی ہے، بین الاقوامی میڈیا کے بھی 43 سے زیادہ نمائندے پریڈ گراؤنڈ جلسے کی کوریج کے لیے موجود ہونگے۔ پی ٹی آئی کے تمام ورکرز سے اپیل ہے میڈیا کارکنوں، رپورٹرز اور عملے کو کام میں سہولت دیں، دنیا کو میڈیا کی آنکھ نے ہی یہ عظیم جلسہ دکھانا ہے۔ تمام میڈیا چینلز اور ورکرز ہمارے لیے سر آنکھوں پر ہیں، جمہوریت کا حسن یہ بھی ہے کہ ہم تنقید بھی برداشت کریں۔
فواد چوہدری