چیئرمین ایم ٹی بی سی کی وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ملاقات،جاری منصوبوں پر بریفنگ دی
مظفر آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے ایم ٹی بی سی کے ایگزیکٹو چیئرمین محمود الحق نے ملاقات کی اور ایم ٹی بی سی کے تعلیم ، سیاحت، صحت اور آئی ٹی سیکٹرز کے جاری پراجیکٹس اور مستقبل کی پیش بندیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ حکومت نے آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے ٹوارزم اتھارٹی بنا دی ہے جبکہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ دوبئی ایکسپو میں آزادکشمیر میں سرمایہ کاروں کو لانے کےلئے خصوصی فوکس کیاگیا ہے ۔ آزاد کشمیر کے وسائل کو بروئے کار لا کر خطہ سے بیروزگاری کے خاتمہ کا جامع پلان مرتب کیا گیاہے۔ کم وقت میں بہتر نتائج کے حصول کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کی بھی خدمات لے رہے ہیں۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں ایم ٹی بی سی اچھا کام کررہی ہے، حکومت انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات کی آپ گریڈیشن اور ریسٹ ہاوسز میں جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ایم ٹی بی سی کی خدمات لے گی۔