ایران سے معاہدہ، سعودی ولی عہد چین کے شکرگزار، شی جن پنگ سے ٹیلی فونک گفتگو میں کیا باتیں ہوئیں؟

ایران سے معاہدہ، سعودی ولی عہد چین کے شکرگزار، شی جن پنگ سے ٹیلی فونک گفتگو ...
ایران سے معاہدہ، سعودی ولی عہد چین کے شکرگزار، شی جن پنگ سے ٹیلی فونک گفتگو میں کیا باتیں ہوئیں؟
سورس: Twitter

  

ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود نے ریاض اور تہران کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدے میں چین کی کوششوں کو سراہا ہے۔

سرکاری سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے رپورٹ کیا کہ  چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں محمد  بن سلمان نے 'سعودی عرب اور ایران کے درمیان اچھے تعلقات  کی حمایت کے لیے چینی اقدام کے لیے ان  کی تعریف کی۔'

ایران اور سعودی عرب نے اپنے سفارتی تعلقات کو بحال کرنے اور سات سال کی علیحدگی کے بعد اپنے سفارت خانے اور سفارتی مشن دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا ہے۔ مشرق وسطیٰ کی دو طاقتوں کے درمیان تعطل چین کی میزبانی میں کئی دنوں تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد ختم ہوا۔

پریس ٹی وی کے مطابق  اعلیٰ سعودی اور ایرانی سفارت کاروں نے گزشتہ چند دنوں میں دو فون کالز کی ہیں اور توقع ہے کہ ان کی  رمضان کے دوران ملاقات ہوگی۔ ایک نامعلوم سعودی اہلکار کے مطابق شی جن پنگ  نے گزشتہ دسمبر میں ریاض میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں دو طرفہ بات چیت کے دوران سعودی عرب اور ایران کے درمیان 'ثالثی'  کی خواہش کا اظہار کیا تھا، اور ولی عہد نے اس پیشکش  کا خیرمقدم کیا تھا۔

چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق  منگل کی فون کال کے دوران شی جن پنگ  نے ریاض، تہران مذاکرات کے فالو اپ عمل کی حمایت جاری رکھنے کے لیے بیجنگ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ سعودی عرب اور ایران 'اچھی ہمسائیگی کے جذبے کو برقرار رکھیں گے اور بیجنگ میں ہونے والی بات چیت کے نتائج کی بنیاد پر اپنے تعلقات کو بہتر بناتے رہیں گے۔'

چینی صدر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ عملی تعاون اور عوام کے درمیان تعلقات کو بڑھانے  اور چین سعودی عرب جامع سٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ نئے دور میں ایک مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین، عرب کمیونٹی کی تعمیر اور مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرسکے۔