ٹریور بیلس انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر
لندن( نیٹ نیوز) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ٹریور بیلس کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا، بیلس انگلش ٹیم کی کوچنگ کرنے والے پہلے آسٹریلین ہوں گے۔ بیلس کو پیٹر مورز کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے، ای سی بی نے ٹیم کی ناقص کارکردگی کی بناء پر مئی کے شروع میں مورز کو عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔ بیلس جون میں چارج سنبھالیں گے۔ بیلس اس سے قبل 2007ء سے 2011ء تک سری لنکن ٹیم کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں اور 2014ء میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے عارضی طور پر ان کی خدمات حاصل کی تھیں، اس کے علاوہ وہ آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی بھی کوچنگ کر چکے ہیں۔ ٹریور بیلس نے اپنے بیان میں کہا کہ انگلینڈ ٹیم کا کوچ مقرر ہونا اعزاز کی بات ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ ٹیم کا مستقبل روشن ہے، تمام کھلاڑی با صلاحیت ہیں اور مجھے ان کے ساتھ کام کر کے خوشی ہو گی، میں مستقبل بنیادوں پر ٹیم کی فتوحات کیلئے ہر ممکن کوشش کروں گا۔ اینڈریو سٹراؤس نے کہا کہ بیلس انٹرنیشنل سطح پر کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ان کی خدمات ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے، امید ہے کہ وہ ٹیم کو فتوحات کی طرف گامزن کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے۔