لیبیا کے وزیراعظم قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے ‘ محافظ زخمی
طبرق(آن لائن)لیبیا کے وزیرِ اعظم عبداللہ الثنی قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے ، حکام کے مطا بق شہر طبرق میں مسلح افراد نے ملک کے وزیرِ اعظم عبداللہ الثنی کی گاڑی پر فائرنگ کی ہے مگر وہ اس قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔وزیرِ اعظم کی گاڑی پر حملہ اس وقت ہوا جب وہ پارلیمان کے اجلاس کے بعد واپس جا رہے تھے۔عبداللہ الاثنی نے ٹی وی نیوز چینل العربیہ کو بتایا ’خدا کا شکر ہے کہ ہم محفوظ رہے۔‘لیبیا کی حکومت کے ایک ترجمان کا کہنا ہے وزیرِ اعظم کا ایک محافظ حملے میں زخمی ہوا ہے۔
خیال رہے کہ لیبیا سنہ 2011 میں سابق صدر معمر قذافی کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد افراتفری کا شکار ہے۔لیبیا کے وزیرِ اعظم سنہ 2014 سے شدت پسندوں کی جانب سے دارالحکومت تریپولی سے دھکیلے جانے کے بعد طبرق سے حکومت چلا رہے ہیں۔مارچ سنہ 2014 میں اقتدار میں آنے والے لیبیا کے وزیرِ اعظم عبداللہ الاثنی ملک میں اپنی حاکمیت ثابت کرنے کے لیے جدوجہد کی ہے۔