مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوج کیساتھ جھڑپ میں شہیدہونیوالامجاہدکمانڈر سپرد خاک

مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوج کیساتھ جھڑپ میں شہیدہونیوالامجاہدکمانڈر سپرد خاک

سری نگر(اے این این)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کیساتھ جھڑپ میں شہیدہونے والامجاہدکمانڈر کولگام میں سپرد خاک،نمازجنازہ میں متعددحریت رہنماؤں اوربڑی تعدادمیں شہریوں کی شرکت، ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی،مسلم لیگ ، سالویشن موومنٹ ، جماعت اسلامی ودیگرتنظیموں کی طرف سے شہیدکو خراج عقیدت ، علاقے میں مکمل ہڑتال،آزادی کے حق میں مظاہرے ، ادھر مقبوضہ وادی میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں ریاستی اسمبلی کے رکن ایڈوکیٹ بشیر احمد ڈار کے بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق،12زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کولگام کے کانجی کولہ یاری پورہ علاقے میں قابض فوج کیساتھ جھڑپ میں ایک مجاہدکمانڈر کی شہادت کے واقعہ کے خلاف گزشتہ روز ضلع کے بیشتر علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی اس دوران احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے جن میں آزادی کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ادھر مجاہدکمانڈر کے جسدخاکی کو رات بھر اپنے آبائی گاؤں میں آخری دیدار کے لیے رکھا گیا اوراگلی صبح نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعدسپرد خاک کردیا گیا۔

بزرگ حریت رہنماء سیدعلی گیلانی کی ہدایت پر حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری حاجی غلام نبی سمجھی، صدرِ ضلع اسلام آباد میر حفیظ ، صدرِ ضلع کولگام محمد شعبان ڈار اور شیخ محمد رمضان نے شہیدکی نمازِ جنازہ میں شرکت کی جبکہ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی،مسلم لیگ ، سالویشن موومنٹ ، جماعت اسلامی، مسلم دینی محاذ، اسلامک پولیٹکل پارٹی،لبریشن فرنٹ(آر) ، مسلم خواتین مرکز، پیپلز لیگ اور مسلم پولٹیکل لیگ نے اپنے الگ الگ پیغامات میں جھڑپ کے دوران شہیدہونے والے مجاہد کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ پلوامہ میں ایک بارپھرنا معلوم افراد نے ڈیوٹی پرمامور ایک پولیس اہلکار سے سروس رائفل چھین لی۔ جس کے بعد تمام راستوں پر اہلکار تعینات کرکے گاڑیوں کی تلاشی شروع کر دی گئی ۔ واضح رہے کہ پیرکوبھی ایک اہلکارسے نامعلوم افراد نے سروس رائفل چھین لی تھی ۔دوسری جانب سرینگر مظفر آباد شاہراہ پرٹریفک کے حادثے میں ریاستی اسمبلی کے رکن اور پیپلز کانفرنس کے سینئر رہنماء ایڈوکیٹ بشیر احمد ڈار کا ایک جوانسالہ بیٹا ایڈوکیٹ بشارت بشیر ڈار جا ں بحق جبکہ ایک بیٹا فداحسین ڈار شدیدزخمی ہوگیا جبکہ کپواڑہ ،نوگام اورکدل بل پامپورمیں ٹریفک کے دیگرحادثات میں دو افراد جاں بحق اور11 افراد زخمی ہوگئے۔ اونتی پورہ میں ایک شخص دریائے جہلم میں ڈوب کرجاں بحق ہوگیا ۔

***

مزید : عالمی منظر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...