آئی ایم ایف ریذیڈنٹ نمائندہ کا پاکستان اسٹیل کا دورہ
کراچی (آن لائن )آئی ایم ایف کے ریذیڈنٹ ریپریذنٹیٹو توقیر مرزوو نے بدھ کو پاکستان اسٹیل کا دورہ کیا۔ پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل(ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان، ہلال امتیاز(ملٹری) ، ادارے کے ڈائریکٹرز اور کارپوریٹ سیکریٹری نے اُن کا آپریشنز بلڈنگ ، بن قاسم ، کراچی میں استقبال کیا۔ آئی ایم ایف کے سینئر ایکواکنامسٹ تسلیم عالم اور آئی ایم ایف کے کوآرڈینٹر محمد علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پاکستان اسٹیل کے وی آئی پی بریفنگ روم میں وفد کو پی ای او (پروڈکشن) واصف محمود نے ادارے کے متعلق بریفنگ دی ۔ توقیر مرزوو نے پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل(ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کے ساتھ اس مشکل کام میں سروخرو ہونے کی دُعا بھی کی ۔آئی ایم ایف کے وفد نے پاکستان اسٹیل کے مختلف کارخانوں کا دورہ کیا جن میں کوک اوون بیٹریز پلانٹ،ہاٹ اسٹرپ مل، کولڈ رولنگ مل اور آئرن میکنگ ڈیپارٹمنٹ کے بلاسٹ فرنسز شامل ہیں۔
اس موقع پر پی ای او (پروڈکشن) واصف محمود نے وفد کے اراکین کو ادارے کے پیداواری یونٹس کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا۔ قبل ازیں، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان اسٹیل میجر جنرل(ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان نے وفد کے سربراہ توقیر مرزوو کو پاکستان اسٹیل کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔