سانحہ ڈسکہ نہایت ہی افسوسناک اور قابل مذمت ہے،میاں عمران

سانحہ ڈسکہ نہایت ہی افسوسناک اور قابل مذمت ہے،میاں عمران

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات میاں عمران مسعود نے واقعہ ڈسکہ پر گہرے دکھ اور درد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ ڈسکہ نہایت ہی افسوسناک اور قابل مذمت ہے پاکستان مسلم لیگ واقعہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے انہوں نے پنجاب حکومت اور پولیس کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پولیس کا کام لوگوں کی جان و مال تحفظ کرنا ہوتاہے نہ کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو قتل کرنا۔بلاشبہ قانون نے پولیس کو کافی بااختیار بنایا ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ پولیس اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرے   ریاست کو پولیس سٹیٹ بنادے ۔پنجاب پولیس کے حوالہ سے صوبہ پہلے ہی بدنام ہے حکمرانوں کی سیاسی پشت پناہی نے پولیس کا ڈھانچہ تباہ کرکے رکھ دیا ہے جس پولیس کو لوگوں کی جان و مال کا محافظ ہونا چاہیے وہ پولیس لوگوں کی قاتل بن چکی ہے ۔پنجاب پولیس نے ڈسکہ واقعہ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی یاد تازہ کردی ہے اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کو انصاف مل گیا ہوتا تو آج ڈسکہ میں بے گناہ لوگ اس درندگی کے ساتھ نہ قتل کیے جاتے ۔     بار بار ایسے واقعات کا وقوع پذیر ہونا اس بات کی واضع دلیل ہے کہ حکومت اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاسی مذمتوں کی بجائے اس واقعہ کی صاف و شفاف انکوائر ی کرکے واقعہ کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائے اور لواحقین کو انصاف دلائے اور حکمران پولیس کو اپنا ملازم بنانے اور اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی بجائے عوام کے مفادات کے تحفظ پر معمور کرے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1