امریکہ سے کامیاب علاج کے بعد وطن لوٹنے والے بچوں کے اعزاز میں تقریب

امریکہ سے کامیاب علاج کے بعد وطن لوٹنے والے بچوں کے اعزاز میں تقریب

لاہور(جنرل رپورٹر)شالیمار ہسپتال کے شعبہ ری کنسٹرکٹو سرجری اینڈ ریسرچ سینٹر کے زیر اہتمام 3بچے امریکہ سے کامیاب علاج کے بعد وطن واپس پہنچ گئے اس حوالے سے شالیمار انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے چودھری نذر محمد آڈیٹوریم میں ان بچوں کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی اور معروف ادیب شاعر و کالم نگار امجد اسلام امجد نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی ۔شعبہ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسز حشمت آفندی اور مینجر مارکیٹنگ عثمان سلیم نے علاج کے بعد آنے والے بچوں نادیہ ،مروہ اور مریم کے بیرون ملک علاج کے حوالے سے میڈ یا کو تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر بچوں کے والدین بھی موجود تھے شالیمار ہسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر پروفیسر احمد وسیم یوسف نے بتایا کہ شالیمار ہسپتال 1997سے جلے ہوئے ہونٹ اور کٹے ہوئے تالو والے بچوں کا مفت علاج کر رہا ہے اب تک سینکڑوں کامیاب آپریشن کیے جا چکے ہیں ۔ایسے بچے جن کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں انہیں ہسپتال کی طرف سے امریکہ بھجوایا جاتا ہے اب تک 60سے زائد بچے امریکہ سے علاج کروا کے اپنی زندگی معمول کے مطابق گزاررہے ہیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ شالیمار ہسپتال نے ان بچوں کا علاج کروا کے بہت عظیم کام کیا ہے یہ کام حکومت کا ہے کہ لوگوں کو علاج معالجے کی مناسب اور بہتر سہولیات فراہم کرے جبکہ نجی شعبہ میں شالیمار ہسپتال اور اس طرح کے دیگر فلاحی ادارے حکومت کا ہاتھ بٹا رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ علاج ،تعلیم کی فراہمی ہر شہری کا حق ہے اور اس کے لیے ہر کسی کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ادارے کی طرف سے رمضان میں فلاحی اداروں کی طرف سے آنے والے اشتہارات جس قدر ہو سکے مفت لگاتے ہیں تاکہ ہمارا بھی اس کا ر خیر میں حصہ شامل ہو ۔امجد اسلام امجد نے بھی بچوں کا علاج کرانے پر شالیمار ہسپتال کی تعریف کی اور کہا کہ اس کا اجر اللہ تعالیٰ ہی دے سکتا ہے ۔چیف آپریٹنگ آفیسر پروفیسر احمد وسیم یوسف نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...