پنجاب اس وقت عملاً پولیس سٹیٹ میں تبدیل ہو چکا ہے،میاں ایوب

پنجاب اس وقت عملاً پولیس سٹیٹ میں تبدیل ہو چکا ہے،میاں ایوب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد ایوب نے ڈسکہ میں ایک ایس ایچ او کی طرف سے نہتے وکلاء پر فائرنگ اور انہیں قتل کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ کہا جائے کہ پنجاب اس وقت عملاً پولیس سٹیٹ میں تبدیل ہو چکا ہے تو یہ بے جا نہ ہو گا اس سے پہلے بھی پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں پولیس گردی کے واقعات رونما ہو چکے ہیں اس قسم کے واقعات تھانہ کلچر کی تبدیلی کے دعوے کرنے والی حکومت کے لئے چیلنج ہیں ۔میاں محمد ایوب نے وکلاء برادری کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔   مزید کہا ہے کہ پولیس کو حکومتی ڈھیل کا نتیجہ سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے بعد اب ڈسکہ پولیس گردی کی صورت میں بھگتنا پڑے گا حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں امن و امان کا قیام مشکل دکھائی دے رہا ہے امن وامان کی صورت حال خراب کرنے کی ذمہ دار خود حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورت حال بہت بگڑ چکی ہے جس کے لئے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے لیکن حکمرانوں کی اس طرف کوئی توجہ ہی نہیں ہے اور حکومت کی تمام تر توجہ میٹرو بس جیسے غیر ضروری منصوبوں پر ہے جس سے عوام کو ایک رتی برابر بھی کوئی فائدہ نہیں ہو رہا ہے۔