سانحہ ڈسکہ کیخلاف وکلا کے مظاہرے ‘ ملزموں کو 30دن میں سزا دینے کاالٹی میٹم

سانحہ ڈسکہ کیخلاف وکلا کے مظاہرے ‘ ملزموں کو 30دن میں سزا دینے کاالٹی میٹم

 لاہور(نامہ نگار خصوصی /نامہ نگار)ڈسکہ بار ایسوسی ایشن کے صدر سمیت 2وکلاء کے قتل کے خلاف وکلاء کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا ۔کہیں ہڑتال کی گئی تو کہیں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں ۔پاکستان بار کونسل سمیت تمام وکلاء تنظیموں نے ملزموں کو سزا دینے کیلئے 30دن کا الٹی میٹم دے دیا ہے ۔پاکستان بار کونسل اور وکلاء تنظیموں نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ ایسے تمام پولیس افسر جن کے خلاف فوجداری مقدمات ہیں انہیں فوری طور پر ان کے عہدوں سے الگ کردیا جائے اس حوالے سے سابق پراسیکیوٹر جنرل پنجاب زاہد حسین بخاری کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جو معاملے کی مسلسل نگرانی کرے گی ۔لاہور ہائیکورٹ بار نے مقتول وکلاء کے لواحقین کی مالی اعانت کے لئے ایک فنڈ قائم کر دیا ہے جس میں تمام ممبران حسب استطاعت حصہ ڈالیں گے۔ صوبہ بھر میں لاہور سمیت ضلعی اورتحصیل کی سطح کی عدالتوں میں وکلاء نے ہڑتال کی اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ۔وکلاء نے ریلیاں بھی نکالیں اور بار رومز میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں ۔لاہور میں وکلاء نے پی ایم جی چوک اور لاہور ہائی کورٹ کے باہر جی پی او چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔دونوں بار ایسوسی ایشنوں نے احتجاجی کیمپ بھی قائم کردیئے ہیں جو کیس کے فیصلے تک جاری رہیں گے جبکہ ہر سوموار کوملک بھر کے وکلا واقعہ کے خلاف احتجاج کیا کریں گے ۔لاہور ہائی کورٹ بار میں ہونے والے اجلاس میں طے کیا گیا کہ سانحہ ڈسکہ کے ملزموں کا 30دن میں فیصلہ نہیں ہوا تو وکلاء سڑکوں پر ہوں گے ۔اجلاس میں وکلاء راہنماؤں کی طرف سے بتایا گیا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر اس کیس کی سماعت ہوگی ۔ہائی کورٹ بار میں ہونے والے اجلاس سے پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اعظم نذیر تارڑ ،ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین محمد احسن بھون ،لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر پیر مسعود چشتی ،سیکرٹری ہائی کورٹ بار بیرسٹر محمد احمد قیوم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں 26مئی کو 200مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں جن میں سے 199پرامن تھیں لیکن میڈیا نے صرف ایک ریلی کو ہدف بنائے رکھا ۔ بعدازاں لاہور بار ایسوسی ایشن کی طرف سے پی ایم جی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...