دہشتگردی کیخلاف قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائیگا ‘ سیاسی وعسکری قیادت میں اتفاق
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن ،اے این این ) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا، جس میں ملکی سیکورٹی کی صورت حال کو بہتر بنانے کیلئے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزوزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہواجس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی میجر جنرل رضوان اختر، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہیں۔اجلاس میں آپریشن ضرب عضب اور نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں قومی ایکشن پلان کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ملک میں سیکیورٹی کی صورت حال کو بہتر بنانے کیلئے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے دوران ملک میں غیر ملکی ایجنسیوں کی موجودگی اور ان کی نقل و حرکت کے حوالے سے بھی غورکیاگیا۔
اسلام آباد ( آئی این پی ) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن واستحکام کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں ، بلوچستان کو پاک چین اقتصادی راہداری سے بہت فائدہ ہوگا ، اقتصادی راہداری بلوچستان میں خوشی کی لہر لائے گی ۔ وہ گزشتہ روز بلوچستان سے متعلق اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت بلوچستان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور امن وامان پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، بلوچستان کے سینئر وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سردار ثناء اللہ زہری ، صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن جعفر خان مندو خیل ، وزیراعظم کے پولیٹکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شریک ہوئے ۔ وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن واستحکام کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں ، بلوچستان کو پاک چین اقتصادی راہداری سے بہت فائدہ ہوگا ، اقتصادی راہداری بلوچستان میں خوشی کی لہر لائے گی ۔