اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا سروے مکمل ہو گیا
لاہور(اپنے خبر نگار سے) اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا سروے مکمل ہو گیا۔یہ سروے ’’نیسپاک او ر ایل ڈی اے ‘‘ کے انجینئرز نے مشترکہ طور پر کیا۔یہ منصوبہ بتیس کلومیٹر طویل ہو گا۔اس منصوبے کیلئے ایک ہزار کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی ،جس کی مالیت تیس ارب روپے ہوگی ۔تفصیلات کے مطابق بتیس کلو میٹر طویل اورنج لائن منصوبہ کا سروے نیسپاک اور ایل ڈی اے نے مکمل کر لیا ہے،اس منصوبہ کیلئے ایک ہزار کنال اراضی حاصل کی جائے گی۔جبکہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ کے اسٹیشن کیلئے350کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی۔جبکہ علی ٹاؤن اور ڈیرہ گجراں کیلئے500کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی۔ان کی مالیت تیس ارب روپے ہوگی۔سروسز کی منتقلی کیلئے تین ارب روپے خرچ ہوں گے۔اس کے علاوہ جین مندر سے مال روڈ تک اراضی کے حصول میں متعلقہ اداروں کو مشکل پیش آئے گی۔اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ ،میٹرو بس منصوبہ سے تیس گنا بڑا منصوبہ ہے۔