ریلوے لائنوں کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو مزید چوکس کردیا ہے، منیر احمد چشتی

ریلوے لائنوں کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو مزید چوکس کردیا ہے، منیر احمد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(خبر نگار خصوصی)انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس منیر احمد چشتی نے کہا ہے کہ ریلوے لائنوں کی حفاظت کا نظام مزید مؤثر بنا دیا گیا ہے۔ پوری مین لائن کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ ریلوے لائنوں کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو بھی مزید چوکس کردیا گیا ہے۔ ایک بیان میں آئی جی ریلوے پولیس نے کہا کہ بدھ کی دوپہر حیدر آباد اور نواب شاہ کے نزدیک مین لائن پر دو معمولی کریکر پھٹے جن سے لائن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اس وقت کوئی ٹرین بھی قریب نہیں تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع خیر پور کے سٹھارجہ ریلوے سٹیشن کے قریب ٹریک پر پڑے کریکر کو ریلوے ملازم ارباب علی نے بروقت ہٹا دیا جس سے ریلوے لائن نقصان سے محفوظ رہی۔ انہوں نے کہا کہ منگل کی شام خوشحال خاں خٹک ایکسپریس کا حادثہ تخریبی کاروائی نہیں تھی۔ ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے 6بوگیاں پٹری سے اُتر گئی تھیں۔ تاہم اللہ تعالیٰ کے فضل سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، چند مسافروں کو معمولی زخم آئے۔ اس حادثے میں کسی قسم کے سبوتاژ کے شواہد نہیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے گزشتہ دوسال سے ترقی کی منزلیں طے کر رہی ہے جو ملک کے دُشمنوں کو ایک آنکھ نہیں بھاتا۔ ریلوے پولیس دُشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے سرگرمِ عمل ہے اور ریلوے سٹیشنوں ، لائنوں اور گاڑیوں سمیت تمام تنصیبات کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر چوکس ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -