پنجاب اور بلوچستان کی جیلوں میں مزید 7مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ‘ 2کی پھانسی موخر

پنجاب اور بلوچستان کی جیلوں میں مزید 7مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ‘ 2کی ...

لاہور/مچھ(اے این این) پنجاب اور بلوچستان کی جیلوں میں سزائے موت کے منتظر مزید سات قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا جبکہ دو مجرموں کی پھانسی صلح نامے جمع ہونے کے بعد روک دی گئی۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں سزائے موت کے 2 مجرموں شہزاد اور عبدالخالق کو تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ مجرم شہزاد نے ایک شہری کو گولیاں مار کر قتل کیا تھا جبکہ عبد الخالق نے فیکڑی ایریا میں خاتون کو گولیاں مار کر قتل کیا تھا۔ صدر پاکستان سے دونوں مجرموں کی رحم کی اپیل مسترد کردی تھی۔ ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں بھی سزائے موت کے 2 مجرموں کو پھانسی دے دی گئی۔ دولہا والاں کے نصیر نے 1999 میں اپنے دوست کو قتل کیا تھا جبکہ مجرم اظہر نے 2002 میں ایک شخص کو قتل کیا تھا، عدالت نے دونوں مجرمان کو 2003 میں سزائے موت سنائی تھی۔ ڈسٹرکٹ جیل وہاڑی میں بھی سزائے موت کے منتظر 2 قیدیوں کو سولی پر لٹکا دیا گیا، مجرم ثنااللہ نے بورے والا میں قتل کیا تھا جب کہ مجرم عبدالستار عرف کالا نے لاہور میں 13 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا تھا۔ مچھ جیل میں سزائے موت کے قیدی خان محمد کو بھی پھانسی دی گئی، مجرم نے2004 میں بھائی اور بھتیجے کو قتل کیا تھا۔ دوسری جانب سینٹرل جیل ملتان میں سزائے موت کے منتظر 2 بھائیوں کی پھانسی فریقین کے درمیان صلح ہونے کے بعد روک دی گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ملک کی مختلف جیلوں میں 11 مجرموں کو پھانسی دی گئی تھی جبکہ گزشتہ برس سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک 100 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔

مزید : علاقائی