ایٹمی دھماکوں کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا ہے‘ نواز شریف

ایٹمی دھماکوں کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا ہے‘ نواز شریف

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکوں کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا ہے‘ معاشی ترقی کے دھماکے کا اعزاز بھی ہماری حکومت کو حاصل ہوگا۔ (آج) 28 مئی یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ دفاع مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے بھی مضبوط بنانا ہوگا۔ اقتصادی راہداری کا منصوبہ اسی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب بے مثال کامیابیاں حاصل کر رہا ہے اور مادر وطن کو دہشتگردی کے عفریت سے نجات دلانے کے لئے پاک فوج کے افسر اور جوان اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں تاکہ ہمارا حال اور نئی نسل کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکے۔وزیراعظم نے کہا کہیوم تکبیر درحقیقت پاکستانی قوم اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے یوم افتخار ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس دن پاکستان عالم اسلام کی پہلی اور دُنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا تھا۔لہذا ہمیں یہ دن پاکستان کی وحدت اور سلامتی کے عہد کی تجدید کرتے ہوئے پورے جوش و جذبے سے منانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 11مئی1998ء کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں نے جنوب مشرقی ایشیاء میں طاقت کا توازن درہم برہم کر دیا تھا ۔ بھارت کے جارحانہ عزائم میں اس قدر شدت پیدا ہو گئی تھی کہُ اس نے نہ صرف آزاد کشمیر میں اپنی فوجیں داخل کر دینے کے مذموم ارادے ظاہر کرنا شروع کر دیئے بلکہ اس مقصد کے لیے بھاری تعداد میں افواج کنٹرول لائن پر پہنچا نا شروع کر دی تھیں۔ بھارت کے وزیر دفاع نے یہ اعلان بھی کر دیا کہ اب بھارتی فوج کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کر دیا جائے گا۔ ان اعصاب شکن حالات میں ہم نے اہل رائے سے مشاورت کا عمل شروع کیا کہ بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب کیسے دیا جائے اور دھماکے نہ کرنے کے لیے جس عالمی دباؤ کا سامنا ہے اُس سے کیسے نمٹا جائے۔ خوش قسمتی سے پوری قوم کے جذبات اور خیالات کی وجہ سے مجھے حوصلہ افزا صورتِ حال نظر آئی اور ہم نے پاکستان کے عظیم تر مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے 28مئی1998ء کو پاکستان ایٹمی طاقت بن گیا۔مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ میری جلاوطنی کے زمانہ میں بھی نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے تحت یوم تکبیر باقاعدگی سے منایا جاتا رہا اور ان تقاریب میں میرا انتہائی اچھے الفاظ میں تذکرہ کیا جاتا تھا جس کے لیے میں تہہ دل سے ممنون ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا۔ اب کسی دشمن میں جرات نہیں کہ اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے تا ہم اس کے بدخواہوں نے اب اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی ہے۔ وہ اسے اندرونی طور پر کمزور کرنے کے در پے ہیں۔ایسی صورتحال کا مقابلہ کرنا اکیلے حکومت کے بس کی بات نہیں ہوتی بلکہ اس کی خاطر حکومت، عوام اور فوج کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔ الحمد اللہ! آج پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے یک جان اور یک زبان ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف جاری ’’آپریشن ضرب عضب‘‘ بے مثال کامیابیاں حاصل کر رہا ہے اور مادرِوطن کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کی خاطر پاک فوج کے افسر اور جوان اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں تا کہ ہمارا حال اور ہماری نئی نسل کا مستقبل محفو ظ بنایا جا سکے۔ میں پوری دیانت داری سے عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اقتصادی راہداری کے اس منصوبے کے ثمرات پاکستان کے ہر علاقے کے لوگوں تک پہنچیں گے ۔ مجھے یہ کہنے میں کوئی تامّل نہیں کہ پہلے اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایٹمی دھماکہ کرنے کا شرف عطا فرمایا تھا اور انشاء اللہ اب معاشی ترقی کا دھماکہ کرنے کا اعزاز بھی ہماری حکومت کو ہی حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری نیک نیتی سے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور اپنے اقدامات کے لیے ان کے سامنے جوابدہ بھی ہیں۔ حالیہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابیاں اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ عوام ہماری ترقی پسند پالیسیوں کی تائید کرتے ہیں۔ انشاء اللہ! ہم عوام کی اسی تائید و حمایت کی بدولت پاکستان کو ایک جدید ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے اپنے مقاصد میں ضرور کامیاب ہوجائیں گے۔اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔

لاہور(پ ر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 28مئی1998ء کو تمام تر دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے ایک ایسا تاریخی کارنامہ سرانجام دیا جس نے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کردیا ۔پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے جرأتمندانہ اوردلیرانہ فیصلوں سے پاکستان کا دفاع ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنااور اب یہی پارٹی ملک کومعاشی قوت بھی بنائے گی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلا شبہ 28مئی پاکستان کی سیاسی اوردفاعی تاریخ کا ایک انتہائی اہم ترین دن ہے ۔تاریخی اہمیت کا یہ دن پوری قوم کیلئے باعث مسرت و افتخار ہے۔اس روز اسلامی دنیا کے اہم ملک پاکستان نے ہر قسم کے دباؤ کو نظر انداز کر کے اپنی سلامتی اوربقاء کے تاریخ ساز فیصلے کو عملی جامہ پہنایااورایٹمی دھماکے کر کے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ اب کوئی وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ 28مئی قومی امنگوں کا ترجمان اور ملی یکجہتی کا دن ہے ۔ہمیں اپنی قومی تاریخ کے اس اہم دن کو بھر پور طریقے سے منانا ہے ۔آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ جس طرح ملک کی جغرافیائی سرحدوں کو محفوظ تربنانے کے لئے پاکستانی قوم ،قیادت،مسلح افواج اورسائنس دانوں نے اپنا خون جگر دیا ۔اسی طرح اب پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی ،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے سنگین چیلنج کا سامنا ہے ۔دشمن وطن عزیز کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کے درپے ہے۔ہمیں امتحان کی اس گھڑی میں باہمی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہے اورپاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کیلئے اپنا بھر پوراور موثر کردارادا کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان کو دہشت گردی کے مسئلے سے چھٹکارا دلا کراسے عظیم معاشی قوت بنائیں گے۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...