حکومت دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے ‘ سردار محمد یوسف

حکومت دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے ‘ سردار محمد یوسف

 لاہور( نمائندہ خصوصی )فاقی وزیر برائے مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے ‘آپریشن ضرب عضب کامیابی سے ہمکنار ہورہا ہے ٗمعاشرے کے مختلف طبقات میں باہمی تعاون ومفاہمت،رواداری، امن، برداشت اور صبرو تحمل کی شدید ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں بے اعتمادی،تصادم اور فرقہ واریت کا خاتمہ ہوسکے‘پاکستان کا مستقبل روشن ہے جبکہ مذہبی پیشواوں اور میڈیاکی ذمہ داری ہے کہ وہ امن کا پیغام دیں ۔ وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام ’’دین کا حسن امن برداشت اورصبروتحمل‘‘ کے عنوان سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیر مملکت مذہبی امور امین الحسنات شاہ‘ صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور طاہر خلیل سندھو ٗ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور سہیل احمد ٗ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق ٗ علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی ٗ علامہ زبیر احمد ظہیر ٗ الیگزینڈر جان ملک ٗ سردار شام سنگھ ٗ بشپ آف لاہور عرفان جمیل ٗ علامہ عبد الخیبر آزاد سمیت ممبران قومی و صوبائی اسمبلی و دیگر موجود تھے۔ وفاقی وزیر برائے مذ ہبی امور سردار محمد یوسف نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام مکتبہ فکر کے افراد کو آگے آنا ہو گا کیونکہ عدم برداشت ٗ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے رجحانات ہماری قومی وحدت کو کمزور کر رہے ہیں نیز دنیا میں ہمارے تشخص کو مجروح کر رہے ہیں اور ایک پرامن قوم کی حیثیت سے پرامن باہمی کیلئے مکالمے کی راہ میں رکاوٹ بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت میں عملی ترقی کا کام شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں وزارت مذہبی امور میں علیحدہ علیحدہ ڈویژن تھے جبکہ موجودہ حکومت نے اس وزارت کو ایک کر دیا ہے جس کا مقصد تمام مذاہب کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک کو ترقی کرتے ہو ئے نہیں دیکھنا چاہتے اسی لئے وہ قوتیں راستے میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے دشمن افراتفری پھیلا کر کمزور کرنا چاہتا ہے اس کیلئے ہم سب کو متحد ہونا ہو گا۔ انہو ں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کے مخالفین کا متحد ہو کر مقابلہ کر نا ہو گا کیو نکہ پاکستان ایک ایسی ریاست ہے جہاں پر اسلامی ٗ رفاہی اور ہر مذہب کے ماننے والے لو گ موجود ہیںٗ جبکہ تمام مذاہب کی خدمات اپنی جگہ مسلمہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیشنل کمیشن فار مینارٹی قائم کیا ہے جس میں چاروں صوبوں میں تمام مذاہب کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔۔ قبل ازیں وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر دہشت گردی کر کے افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پوری قوم ایک دوسرے کے ساتھ ہے اور ان کے دل آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ حکومت پرعزم ہے کہ ملک میں اقلیتوں کو تمام مساوی مواقع فراہم کیے جا ئیں اور انہیں کوئی تکلیف نہ ہو۔ سب کی قدر کی جائے گی لاہور میں ہونیوالی کانفرنس اس سلسلہ کی کڑی ہے۔ ہمیں آپس میں برداشت کا مادہ پیداکرنا ہو گا تاکہ آپس کے مسائل ختم ہوں۔مذکورہ کانفرنس سے صدیق الفاروق ٗ صوبائی وزیر اقلیتی امور طاہر خلیل سندھو ٗ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ،علامہ طاہر محمود اشرفی ٗ علامہ زبیر احمد ظہیر سمیت تمام مکتبہ فکر کے لوگوں نے خطاب کیا۔

مزید : علاقائی