پاکستان اور زمبابوے کا پہلا شاندار ون ڈے میچ

پاکستان اور زمبابوے کا پہلا شاندار ون ڈے میچ

ارادہ ہو تو سب کام ہو جاتے ہیں، منگل کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ تھا، اُدھر ڈسکہ کے سانحہ پر وکلا مشتعل تھے، شاہراہ قائداعظم اور جی پی او چوک میں زبردست نعرے بازی ہوئی اور پھر ہجوم فیصل چوک آیا، یہاں اسمبلی کے استقبالیہ کی گیلری جلا دی گئی اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ تحریک انصاف نے بھی احتجاج کا اعلان کیا ہوا تھا، اس لئے یہ خدشہ پایا گیا کہ حالات کی خرابی کے باعث میچ ملتوی نہ کرنا پڑے۔ ایسی صورت میں پاکستان میں عالمی کرکٹ شروع کرانے کی کوشش پر پانی پھر جاتا۔ کرکٹ بورڈ بڑے پاپڑ بیلنے کے بعد زمبابوے کی ٹیم کو اپنے ہاں لانے میں کامیاب ہوا ہے۔یہاں انتظامیہ اور عوام کے درمیان ذہنی ہم آہنگی کا مظاہرہ ہوا، عوام نے مظاہروں میں شرکت نہ کی اور ہنگامہ اسی جگہ محدود رہا جہاں ہو رہا تھا، حفاظتی انتظامات کو مزید موثر بنایا گیا اور میچ مقررہ وقت پر شروع ہوا یوں خطرہ ٹل گیا جو خوشی کی بات ہے۔ عوام نے بھرپور توجہ دی اور سٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، اس بار میچ بھی اچھا رہا، پاکستان کے کھلاڑیوں نے کمال کیا تو زمبابوے کے کھلاڑیوں نے بھی پورا زور لگایا۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا،375رنز بنا لئے جواب میں زمبابوے نے بھی سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کیا اور باؤلروں کی پٹائی کی، جیتنے کی بھرپور کوشش کی اور لوگوں نے بہت عمدہ کھیل دیکھا۔ میچ مکمل ہونے سے پاکستان کے حفاظتی انتظامات کی مزید تعریف کی گئی اور یہ تعریف بالکل درست ہے۔

مزید : اداریہ

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...