پاکستانی کرکٹر میچ فکسنگ میں ملوث ،شعیب اخترکاالزام
کراچی(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے پاکستانی کھلاڑیوں پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کردیا۔ انٹر نیشنل سپورٹس چینل پر انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو سنجیدگی کے ساتھ نہیں لیا جاسکتا ہے کیونکہ گرین شرٹس کے تمام کپتانوں میں کرکٹ معلومات کی کمی ہے جبکہ میچوں کے نتائج گراؤنڈ کے بجائے ڈریسنگ روم میں طے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں کتنے میچ فکسرز موجود ہیں اس کے بارے میں بتایا نہیں جا سکتا ہے مگر پاکستانی سائیڈ کے اندر ہر کوئی اپنے لئے کھیلتا ہے اور ٹیم سے انہیں کوئی مطلب نہیں ہوتا ہے۔واضح رہے کہ شعیب اختر کھیل سے الگ ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم اور اس کی ٹیم مینجمنٹ پر اپنے بیانات اور انٹرویوز کے ذریعے مسلسل تنقید کے نشتر برسا رہے ہیں وہ خود بھی اپنے پروفیشنل کیریئر میں ڈوپنگ ، ڈسپلن اور دیگر معاملات میں متنازع رہے ہیں مگر اب وہ گرین شرٹس کی کارکردگی پر اکثر تیز و تند حملے کرتے نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میچ کھیلتی ہے تو اصل میں نتیجے میں اس کا کوئی کردار نہیں ہو تا ہے جبکہ معاملات ڈریسنگ روم سے چلائے جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ شعیب اختر نے گزشتہ دنوں بھارتی ٹی وی شو میں بھی بعض متنازع باتیں کی تھیں جس سے ملک وقوم کی بدنامی ہوئی تھی۔