سانحہ ڈسکہ :وکلاءکا احتجاج جاری ،آئی جی کی معطلی کا مطالبہ
لاہور(نامہ نگار)لاہور بار ایسوسی ایشن نے پنجاب بار کونسل کی کال پر سانحہ ڈسکہ میں 2وکلاءکی ہلاکت پرچوتھے روز بھی ہڑتال کی جبکہ لاہور بار نے پانچویں روز بھی ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔لاہور بار کے عہدیداران نے بار روم میں منعقد ہونے والے اجلاس کے بعدایوان عدل کے باہر احتجاج بھی کیا جس میں وکلاءکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے باہر جی پی او چوک میں بھی وکلاءنے احتجاجی کیمپ میں شرکت کی اور دھرنا دیا۔دوسری جانب پنجاب بار کونسل کے کچھ عہدیداروں کی جانب سے ڈسکہ بار کے عہدیداروں کے ہمراہ وزیراعلی پنجاب کے ساتھ ملاقات کرنے پر لاہوربار نے اعتماد میں نہ لینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اس ضمن میں آج 29مئی کو لاہور بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ساتھ پنجاب بار کونسل کے عہدیداروں کی جانب سے ملاقات کی جائے گی جس میں لاہور بار کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ ایوان عدل کے باہر احتجاجی مظاہرہ کے دوران گزشتہ روزوکلاءسے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر جہانگیر بھٹی نے کہا کہ ڈسکہ بار کے صدر رانا خالد عباس سمیت2وکلاءکی ہلاکت پر وزیر اعلی پنجاب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور آئی جی پنجاب کو بھی معطل کیا جائے اور اس کے علاوہ جتنے بھی فوجداری مقدمات میں ملوث پولیس اہلکار ہیں انہیں ان کی سیٹوں سے ہٹایا جائے ۔اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور بار اشتیاق اے خان جو کہ اس وقت عمرہ کی سعادت کے لئے سعودی عرب میں ہیں نے کہا ہے کہ وہ وکلاءکمیونٹی کے ساتھ ہیں اور وہ جو بھی فیصلہ کریں گے وہ اسے تسلیم کرتے ہیں ۔وکلاءسے دیگر لاہور بار کے عہدیدار ادیب اسلم بھنڈر جنرل سیکرٹری، ملک سلطان نائب صدر،جوائنٹ سیکرٹری احسن اورافنان منورسابق سیکرٹری ینگ لائرز ایسوسی ایشن نے بھی خطاب کرتے ہوئے حکومت سے ڈسکہ بار کے صدر رانا خالد عباس سمیت 2وکلاءکے قتل میں ملوث افراد کو فوری سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ڈسکہ میں جو کچھ ہوا ہے وہ ظلم و بربریت کی انتہا ہے ،وکلاءکا خون رائیگاہ نہیں جائے گا اور ہم ہر صورت انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے اور انصاف نہ ملنے تک وکلاءاحتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔علاوہ ازیں معلوم ہوا ہے کہ پنجاب بار کونسل کا ایک وفد جس میں پنجاب بارکے ممبران اختر حسین بھٹی ، محمد سعید بھٹہ ،اویس اسلم سندھو ،ملک سرود ودیگر نے پنجاب بار کونسل کی وائس چیئر پرسن فرح اعجاز بیگ کی سربراہی میں ڈسکہ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر نبی احمد باوجود، سیکرٹری ناصر گھمن و دیگر عہدیدارن کے ہمراہ وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کرنے پر لاہوربار ایسوسی ایشن کی جانب سے انہیں ملاقات کرنے سے پہلے اعتماد میں نہ لینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیاہے ۔ذرائع کے مطابق آج 29مئی کو لاہور بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ساتھ پنجاب بار کونسل کی جانب ان کے تحفظات دور کرنے کے لئے ملاقات بھی ہوگی ۔