نگراں وزیراعظم کون؟ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی آج دوبارہ ملاقات ہوگی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کےلئے آج ایک مرتبہ پھر ملاقات ہوگی۔
گزشتہ پانچ ملاقاتوں میں وزیراعظم اور اپوزیشن کے درمیان نگران وزیراعظم کےلئے کسی بھی نام پر اتفاق نہیں ہوسکا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہونے والی ملاقات میں کسی ایک نام پر اتفاق ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں گزشتہ روز رابطہ ہوا اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو خصوصی طور پر ملاقات کےلئے کراچی سے اسلام آباد بلایا ہے۔
یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کےلئے پیپلز پارٹی کی جانب سے ذکا اشرف اور جلیل عباس جیلانی کے نام سامنے آئے ہیں جب کہ حکومت نے جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی اور جسٹس (ر) ناصرالملک کے نام تجویز کئے ہیں۔ اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت تحریک انصاف کی جانب سے پیپلز پارٹی کے پیش کردہ ناموں کو مسترد کیا گیا ہے تاہم حکومتی ناموں پر پی ٹی آئی متفق دکھائی دیتی ہے۔