کسی کو قمری کلینڈر کی پیروی کیلئے مجبور نہیں کیاجائیگا ، فواد چودھری نے ہارمان لی

کسی کو قمری کلینڈر کی پیروی کیلئے مجبور نہیں کیاجائیگا ، فواد چودھری نے ...
کسی کو قمری کلینڈر کی پیروی کیلئے مجبور نہیں کیاجائیگا ، فواد چودھری نے ہارمان لی

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہاہے کہ کابینہ نے قمر ی کلینڈرکے مطابق عیدمنانے کافیصلہ کردیا تووفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں قمرکیلنڈرکے مطابق عیدمنائیں گی لیکن کسی کواس کی پیروی کرنے کیلئے مجبور نہیں کیا جائے گا ۔

جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ہم رویت کے معاملے پر رہنمائی کرسکتے ہیں ، کسی کو مجبور نہیں کرسکتے ، حکومت یہ کام کرے گی کہ اس کے عہدیداروں نے اس کے مطابق عید منانی ہے جس کے مطابق کابینہ فیصلہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نجی طور پر عوام اپنی مرضی سے فیصلہ کرے گی ، اگر ہم اپنی مرضی کے مطابق عید منانے کیلئے دباﺅ ڈالیں گے تو پھر ہم میں اور طالبان کی حکومت میں کیا فرق رہ جائیگا؟

انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ رہنمائی کرے لیکن اگر ایک معاشرہ پسماندہ رہناچاہتاہے تو پھر حکومت کیا کرسکتی ہے ؟انہوں نے کہا کہ اگر تہواروں کو اتحاد کا نشان بنانا چاہتے ہیں تو پھر سائنسی طریقہ کار کی طرف آنا پڑے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایپ بنادی ہے اگر آپ نے چاند دیکھناہے تو ایپ میں جاکر دیکھ لیں ، اس کے علاوہ قمری کیلنڈر موجود ہے لیکن اگر مقصد تنخواہیں لیناہی ہے تو پھر ہم کیا کرسکتے ہیں؟

مزید : قومی


loading...