چیئر مین نیب متناز عہ ہو چکے ہیں عہدہ ازخود چھوڑدینا چاہیئے ، شیراعظم وزیر

چیئر مین نیب متناز عہ ہو چکے ہیں عہدہ ازخود چھوڑدینا چاہیئے ، شیراعظم وزیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوااسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر شیراعظم وزیر نے نجی ٹی وی چینل پر چیئرمین نیب جاویداقبال کے حوالے سے ویڈیوکلپ پرردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ چیئرمین نیب متنازعہ ہوچکے ہیں ان کو عہدہ چھوڑدیناچاہئے تاہم انہوں یہ بھی مطالبہ کیاکہ ایک پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جووزیراعظم اور چیئرمین نیب سے ان سوالوں کے جواب لے اور حقائق عوام کے سامنے لائے۔انہوں نے مزید کہاکہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت چوروں اور ڈاکوو¿ں کو تحفظ دے رہی ہے، ٹیکس اسکیم ٹیکس ادا کرنے اور حلال کی روزی کمانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے حکومت اپنی پارٹی اور کابینہ میں موجود چوروں کو تحفظ دینا چاہتی ہے۔ چار فیصد کی ادائیگی سے چوری اور ڈاکے کا مال جائز نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کا کالا دھن سفید کرنے کی بھونڈی کوشش ہے۔ پی ٹی آئی نے بھی پچھلی حکومت کی نقالی شروع کردی ہے حکومت نے آتے ہی اعلان کیا تھاکہ قومی دولت لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا لیکن لگتا ہے کہ ان کے اعلان کا مقصد تھا کہ قومی دولت لوٹنے والوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا مطلب یہی ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے بھی لٹیروں اور ڈاکوو¿ں کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں پہلے ہی سے مہنگائی خطرے کی لکیر کو عبور کر چکی ہے اور غریب آدمی کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہو چکا ہے معلوم ہوتا ہے کہ حکمران "مہنگی روٹی" اور "سستی موت" کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں۔پیپلزپارٹی اس ایجنڈے کو انشاءاللہ عوام کی طاقت سے ناکام بنانے کی اہلیت رکھتی ہے موجودہ حکمرانوں نے ماضی میں 40 روپے فی لیٹر پیٹرول بیچنے کا وعدہ کرکے عوام کے ساتھ جھوٹ بولا تھا ، آج اقتدار میں آکر حکومت اپنے ہر وعدے سے یوٹرن لے رہی ہے اس بے سروپا حکومت جس کی نہ عوام میں جڑیں ہی نہ مقبولیت ہے نہ عوام سے کوئی تعلق ہے نہ عوام سے کوئی رشتہ ہے اس حکومت کی رخصتی کے لیے پی پی پی بہت جلد حکومت کی رخصتی کے لیے جاندار تحریک شروع کرے گی اور عید کے بعد حکومت کا دھڑن تختہ کرنے کا پروگرام بھی دے گی۔