مہمند ، میاں منڈی میں فرشتہ قتل کیخلاف اے این پی کا احتجاجی مظاہرہ
مہمند (نمائندہ پاکستان) مہمند، عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام میاں منڈی بازار میں فرشتہ قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ۔ حکومت پوری طور پر فرشتہ کے قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے۔ مظاہرین کا اسلام آباد پولیس کے خلاف نعرہ بازی۔ عوامی نیشنل پارٹی ضلع مہمند کے زیر اہتمام میاں منڈی بازار میں اسلام آباد میں بے دردی سے قتل ہونے والی لڑکی فرشتہ قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر نثار مہمند، جنرل سیکرٹری حضرت خان اور نور الاسلام نے خطاب کیا۔ صدر اے این پی نثار مہمند نے کہا کہ اسلام آباد میں معصوم بچی فرشتہ مہمند کو جس بے دردی سے درندگی کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچی کے والد اسلام آباد پولیس تھانہ کے بار بار چکر لگاتے رہے تا ہم پولیس نے مجرمانہ ؑفلت کا مظاہرہ کیا اور پانچ دن تک ایف آئی آر درج نہیں کیا۔ اور اُلٹا اُن سے تھانے کی صفائی کرواتے رہے۔ مظاہرین نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ جلد از جلد فرشتہ کے قاتلوں کو گرفتار کر کے اُن کے خاندان کو انصاف دلائے ورنہ اسلام آباد پولیس اور حکومت کے خلاف بھر پور احتجاج کریں گے۔ سیاسی قائدین نے موجودہ حکومت پر شدید تنقید کی کہ موجودہ حکومت عوام کی جان و عزت کی حفاظت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ مظاہرین نے شمالی وزیرستان فائرنگ واقعہ کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ قبائلی عوام بہت مشکلات سے گزر رہے ہیں۔ لہٰذا ان کے ساتھ گولی کی زبان میں بات نہ کیا جائے۔ مظاہرین نے ایک گھنٹہ کیلئے پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیا۔