مراد سعید شعلہ بیانی سے عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکیں،مرتضی وہاب
کراچی(این این آئی)وفاقی وزیر مراد سعید کے قومی اسمبلی میں بیان پر سندھ کے مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مراد سعید صرف شعلہ بیانی کے ہنر سے عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکیں۔ قبائلی علاقوں کے انتشار کا ملبہ پیپلز پارٹی پر ڈالنے کی سازش ہے۔ مراد سعید کے ماضی سے بچہ بچہ واقف ہے ، وہ قوم کو بے وقوف نہ بنائیں۔ مراد سعید چیخ چیخ کر تقریر کرکے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے معاملات کو کراچی سے جوڑنا مراد سعید کی بدنیتی ہے۔ مراد سعید اپنی خطابت کے جوہر سے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ جب حکومت سے معاملات نہیں سنبھل رہے تو پیپلز پارٹی کو مورد الزام ٹھہرایا جارہا ہے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ مراد سعید کی مثال الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے والا معاملہ ہے ۔ پیپلز پارٹی آج بھی فیڈریشن کی جماعت ہے ۔ مراد سعید کی بلاول بھٹو اور آصف زرداری پر تنقید ذاتی پرخاش کے علاہ کچھ نہیں۔ مراد سعید سمیت پوری تحریک انصاف کو بلاول بھٹو سے پرخاش ہے۔ مراد سعید صاحب، آسمان پر تھوکا ہوا اپنے ہی منہ پر آتا ہے۔
مرتضی وہاب