وزیرماحولیات کی جرائم کے خاتمہ اور ہوائی فائرنگ کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخواکے وزیر جنگلات وماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ قیام امن اور ہر قسم کے جرائم کے خاتمے اور ہوائی فائرنگ کے انسداد کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں تاکہ ایک فلاحی معاشرے کا قیام عمل میں لایاجاسکے۔ ان خیالات کااظہار انہو ںنے پشاور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تھانہ ایس ایچ او ارمڑ محمد رفیق دیگر افسران اور معززین علاقہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں علاقہ ارمڑ کے سماجی مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک پرامن معاشرہ، میں ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ پر عمل پیرا ہے۔ انہو ںنے کہاکہ ہوائی فائرنگ ایک ناسور اور قبیح عمل ہے لہذا عوام کو چاہئے کہ وہ ہوائی فائرنگ سے مکمل پرہیز کریں۔ انہو ںنے کہاکہ امن اوامان کا قیام اور جرائم کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میںمعاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہو ں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ ہوائی فائرنگ اور سماجی برائیوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں۔