”امریکی طالبان“ جان واکر کی قبل از وقت رہائی پر وزیر خارجہ پومپیو پریشان 

    ”امریکی طالبان“ جان واکر کی قبل از وقت رہائی پر وزیر خارجہ پومپیو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ”امریکی طالبان“ کے نام سے معروف امریکی شہری جان واکر کی قبل از وقت رہائی پرشدید اعتراض کیا ہے۔ کیلی فورینا سے تعلق رکھنے والے اس امریکی نوجوان نے طالبان سے متاثر ہو کر اپنا مذہب تبدیل کیا اور افغانستان جاکر ان کی طرف سے جنگ میں شریک ہوا تھا جسے نومبر 2001ءمیں ایک محاذ جنگ سے گرفتار کیا گیا تھا، اسے طالبان کی غیرقانونی امداد فراہم کرنے پر بیس سال قید ہوئی تھی اور گزشتہ جمعرات کو اسے قید کے سترہ سال پورے ہونے پر تین سال قبل امریکی جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔ امریکہ میں یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ آئندہ چند برس میں جان واکر سمیت بیسیوں دہشت گرد امریکی جیلوں سے رہائی پانے والے ہیں، جس کے بعد وہ معاشرے میں دوبارہ خطرات پیدا کرسکتے ہیں۔ جان واکر کے بارے میں یہ یقین نہیں کہ وہ آئندہ اپنی قابل اعتراض سرگرمیاں ترک کرے گا یا نہیں؟ ”فوکس نیوز“ کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا وہ سمجھتے ہیں کہ جان واکر امریکہ کےلئے بدستور خطرہ ہے اور وہ اب بھی اس جہاں پر یقین رکھتا ہے جس کے تحت خود اس کا والد ایک عظیم امریکی اور سی آئی اے کا ایک عظیم افسر ہلاک ہوگیا تھا جو افغان جنگ میں ہلاک ہونے والا پہلا امریکی فرد تھا۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا جیل سے ایسے افراد کی رہائی ایک پریشان کن مسئلہ ہے۔ جان واکر کو جب 2001ءمیں افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا اس وقت اس کی عمر صرف بیس سال تھی جس نے اوائل عمر میں ہی اسلام قبول کرکے طالبان میں شرکت کرلی تھی۔ یاد رہے امریکہ کے وفاقی جج نے اس کی تین سال قبل رہائی کی درخواست منظور کرتے ہوئے اس کی رہائی کا جو فیصلہ سنایا ، اس میں اس پر رہائی کے بعد بھی سخت پابندیاں عائد رہیں گی، اس کے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ ذرائع میں استعمال ہونےوالے سافٹ ویئر کی نگرانی کی جائے گی۔ اسے دماغی صحت کے حوالے سے طبی مشاورت کے مرحلے سے گزرنا ہوگا اور اس پر انتہا پسندی سے منسلک مواد رکھنے یا دیکھنے کی پابندی ہوگی۔
پومپیو پریشان

مزید :

صفحہ اول -