پاکستان ، ازبکستان کا باہمی تجارتی حجم 300ملین ڈالر تک لے جانے پر اتفاق

پاکستان ، ازبکستان کا باہمی تجارتی حجم 300ملین ڈالر تک لے جانے پر اتفاق

  



اسلام آ باد( سٹاف رپورٹر ) پاکستان اور ازبکستان نے دوطرفہ تجارت کے حجم کو 300ملین ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کر لیا جبکہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ازبک نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان،دونوں ممالک کے مابین معاشی شراکت داری اور خطے کے روابط بڑھانے میں اہم کردار اداکرے گا،پاکستان ، وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، جبکہ ازبک نائب وزیر اعظم نے کہا کہ دورہ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم اور اقتصادی پارٹنر شپ کا راستہ ہموار ہوگا۔ پیر کووزارتِ خارجہ میں ازبکستان اور پاکستان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ازبکستان کے وفد کی قیادت نائب وزیراعظم الیور گنیف جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی۔ازبکستان کے نائب وزیراعظم کے وفد میں سرمایہ کاری ، بیرون ملک تجارت اور ٹرانسپورٹ کے نائب وزرا شامل ہیں مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات،اقتصادی و تجارتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔پاکستان اور ازبکستان کی قیادت کے مابین گزشتہ ملاقاتوں میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا ۔فریقین نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوطرفہ تجارت کے حجم کو 300ملین ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ازبک نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان،دونوں ممالک کے مابین معاشی شراکت داری اور خطے کے روابط بڑھانے میں اہم کردار اداکرے گا۔پاکستان ، وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ازبک نائب وزیراعظم نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں ازبکستان کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، اور دونوں ممالک کے درمیان گہری اقتصادی پارٹنر شپ کا راستہ ہموار ہوگا۔

شاہ محمود

مزید : صفحہ اول


loading...