چینی نائب صدر کا دورہ، معاہدوں پر اتفاق دوطرفہ اقتصادی تعاون کا منہ بولتا ثبوت: فردوس عاشق

چینی نائب صدر کا دورہ، معاہدوں پر اتفاق دوطرفہ اقتصادی تعاون کا منہ بولتا ...

  



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چینی نائب صدر کے دورے کے دور ان معاہدوں پر اتفاق دونوں ممالک میں فروغ پاتے اقتصادی تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے، عمران خان کی قیادت میں معاہدوں میں قومی مفاد اور عوامی فلاح کو ترجیح دی جارہی ہے، ماضی میں حکمرانوں کے ذاتی مفادات اور کاروبار سر فہرست تھے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ نائب صدر چین کے دورہ پاکستان کے دور ان معاہدوں پر اتفاق دونوں ممالک میں فروغ پاتے اقتصادی تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ معاہدے چین کے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی میں اسٹریٹجک مفاد کی وابستگی کے عکاس ہیں۔بعدازاں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی قومی اسمبلی میں تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو چیئرمین نیب کے معاملے میں ملوث کرنا ایک گری ہوئی حرکت اور سیاسی بدنیتی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاست میں ماؤں اور بہنوں پر کیچڑ اچھالنے والے اب کس منہ سے عیب پوشی کا درس دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو مائنس کرنے کے خواہشمند خود سسٹم سے مائنس ہو چکے ہیں۔ مریم نواز کے ٹویٹس پر جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الزامات لگانے سے کرپشن نہیں چھپ سکتی،اباجی نے اگر گاڑیوں کے مزے لئے ہیں تو ان کو جواب دینے میں کیا مسئلہ ہے؟۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اگر انہوں نے کرپشن نہیں کی تو جواب دینے میں کیا حرج ہے؟ اور اگر کرپشن کی ہے تو پھر سزا بھی بھگتنا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ مغل شہنشاہ کی زندگی گزارنے والوں کو آج قانون کا سامنا کرنے میں دقت کیوں ہو رہی ہے؟۔

 فردوس عاشق

مزید : صفحہ اول