شہباز شریف کا لندن میں پیپلز پارٹی سے رابطہ ، عید کے بعد مشترکہ احتجاج کا امکان
لندن،اسلام آباد(آن لائن ) قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی نے لندن میں بھی باہمی رابطے شروع کر دئیے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق (ن) لیگ کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت لندن میں ہونےوالے ور کرز اجلاس کی اندرونی کہانی سے پتہ چلا ہے دونوں جماعتیں عید کے بعد پاکستان ہائی کمیشن کے سامنے مشترکہ احتجاج کرنے کا ارادہ ر کھتی ہیں۔ شہبازشریف نے لندن میں پارٹی کے اہم رہنماو¿ں کو متحرک کرنا شروع کر دیا ہے اور پیپلزپارٹی کی اہم شخصیات سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے مشترکہ احتجاج کےلئے سلمان شہباز نے تمام مسلم لیگی ارکان کےساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور عید کے بعد احتجاج کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔خیال رہے مسلم لیگ( ن) کے صدر شہباز شریف علاج کی غرض سے لندن میں ہیں اور ان کی سیاسی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔دو ہفتے قبل انہوں نے سپریم کورٹ کے سابق جسٹس خلیل الرحمن رمدے کے بیٹے مصطفی رمدے سے ملاقات کی تھی ۔مصطفی رمدے نے اس ملاقات کی نوعیت نجی بتائی تھی لیکن ایک نجی ٹی و ی نے دعویٰ کیا ہے شہبازشریف نے ملاقاتی کو نوٹوں سے بھرا بیگ اور کچھ کاغذات سمیت ایک اہم کام بھی سونپا ہے۔
شہباز رابطے