ورلڈ کپ ، سرفراز احمد کی قوم سے حوصلہ افزائی کی اپیل

ورلڈ کپ ، سرفراز احمد کی قوم سے حوصلہ افزائی کی اپیل

  



کراچی (یواین پی) قومی کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ درست وقت پر انہیں اپنے سکواڈ سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔ گزشتہ روز کارڈف سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ تقریبا ًایک ماہ سے انگلینڈ میں موجود ہیں اور اس دوران بہت کچھ سیکھا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ مختلف گراو¿نڈز اور الگ وکٹوں پر کھیلنے کا مقصد یہ تھا کہ مقامی کنڈیشنز کا اندازہ ہو سکے اور تمام کھلاڑی ماحول سے ہم آہنگ ہو گئے جس کا فائدہ ورلڈ کپ میں نظر آئے گا۔ ورلڈ کپ کا پہلا پریکٹس میچ کمزور ٹیم افغانستان سے ہارنے اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں چار، صفر کی وائٹ واش شکست کے باوجود سرفراز احمد کھلاڑیوں سے میگا ایونٹ میں اچھی کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے انگلینڈ کے خلاف سیریز جیت نہیں سکے۔دو مرتبہ فتح کے قریب آکر دور ہوئے لیکن قومی ٹیم اچھی شکل میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں وہاب ریاض کی واپسی نیک شگون ہے۔ امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ محمد عامر اور شاداب خان کی واپسی سے بھی باﺅلنگ لائن مضبوط ہو ئی۔ انگلینڈ میں وکٹیں اچھی ہیں لیکن افغانستان کے خلاف پریکٹس میچ میں سپن وکٹ تھی۔ سرفراز احمد کے مطابق ورلڈ کپ میں وکٹیں بیٹسمینوں اور بالرز دونوں کیلئے سازگار ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا ہے اور یہاں کھیلنے میں مزہ آتا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی