کرکٹ ورلڈکپ کتنے ملکوں میں دیکھا جائے گا اور کتنے ارب گھنٹوں کی نشریات ہوں گی؟ انکشاف نے شائقین کا جذبہ دوبالا کر دیا
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈکپ کو کرکٹ کا سب سے بڑا جشن قرار دیدیا ہے جس کے مقابلے 200 ممالک میں دیکھے جائیں گے۔
میگا ایونٹ کا آغاز 30 مئی سے انگلینڈ میں ہونے جا رہا ہے جس کے سنسنی خیز مقابلے 200 ملکوں میں دیکھے جائیں گے اور اس کی مجموعی طور پر نشریات دیکھنے کا وقت 13 ارب گھنٹے ہو گا جبکہ ایک ارب گھنٹے کا وقت ڈیجیٹل میڈیا پر میچز دیکھتے ہوئے بھی صرف ہو گا۔
آئی سی سی کے مطابق ٹکٹوں کیلئے مجموعی طور پر 30 لاکھ درخواستیں وصول ہوئیں جبکہ ایک میچ کیلئے 4 لاکھ تک امیدوار سامنے آئے اور پاک، بھارت میچ کی ٹکٹوں کیلئے 5 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں۔ آئی سی سی ورلڈکپ کو نہ صرف شائقین کو تفریح فراہم کرنے والا بلکہ کھیل کو مزید فروغ دینے والا ایونٹ بنانے کیلئے پرعزم ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس مرتبہ ایک لاکھ 10ہزار خواتین اور ایک لاکھ انڈر 16بچے بھی تماشائیوں میں شامل ہوں گے، 8فین زونز بنائے گئے ہیں۔
اوول لندن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ لوگوں کو آپس میں ملانا،تفریح فراہم کرنا اور کھیل کو ترغیب دلانے کا ذریعہ بنانا ہمارے مقاصد ہیں، فارمیٹ کے مطابق 10ٹیمیں کم ازکم ایک بار ایک دوسرے سے کھیلیں گی، اس سے سخت مقابلے کی فضاءہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے ایونٹ نئی نسل کو تحریک دلانے کا ذریعہ بنے،ہم اکثر نوجوانوں سے سنتے ہیں کہ ٹیم کی ورلڈکپ فتح کو دیکھتے ہوئے کرکٹر بننے کا فیصلہ کیا،امید ہے کہ میچز دیکھنے کے بعد نہ صرف انگلینڈ بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔